ہرکتاب کا مطبوعہ حوالے میں درج کرنے کے بجائے آخر میں ماٰخذ ومراجع کی فہرست مصنفین و مؤلفین کے ناموں، ان کی سنِ وفات ، مطابع اورسن طباعت کے ساتھ ذکر کر دی گئی ہے۔
مشکل الفاظ کے معانی واعراب : پڑھنے والوں کی آسانی کے لئے کتاب کے شروع میں حروف تہجی کے اعتبار سے حلِّ لغت کی ایک فہرست کا اہتمام کیا گیا ہے جسے تیار کرنے کے لئے لغت کی مختلف کتب کاسہارا لیاگیاہے اور اس بات کوپیش نظر رکھاگیاہے کہ اگر لفظ کاتعلق براہِ راست قرآن پاک سے تھاتواس کو مختلف تفاسیرکی روشنی میں حل کرنے کی کوشش کی گئی، براہِ راست حدیث پاک کے ساتھ تعلق ہونے کی صورت میں حتی الامکان احادیث کی شروحات کومدنظر رکھاگیااور فقہ کے ساتھ تعلق کی بناپر حتی المقدورفقہ کی کتب سے استفادہ کیاگیاہے ۔چند مقامات پرعبارت کی تسہیل (یعنی آسانی)کے لئے مشکل الفاظ کے معانی حاشیے میں لکھ دئیے گئے ہیں تاکہ صحیح مسئلہ ذہن نشین ہوجائے اور کسی قسم کی الجھن باقی نہ رہے ۔ پھر بھی اگر کوئی بات سمجھ نہ آئے تو علماء کرام دامت فیوضھم سے رابطہ کیجئے ۔
اِصطلاحات کی وضاحت اس جلد میں جہاں جہاں فقہی اصطلاحات استعمال ہوئی ہیں،ان کوایک جگہ اکٹھابیان کردیاگیاہے ۔اس سلسلے میں حتی المقدور کوشش کی گئی ہے کہ اگراس اصطلاح کی وضاحت مصنف رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے خود اسی جگہ یا بہارشریعت میں کسی دوسرے مقام پرکی ہوتو اسی کوحتی المقدور آسان الفاظ میں ذکرکیاگیاہے اوراگرکسی اصطلاح کی تعریف بہارِ شریعت میں نہیں ملی تو دوسری معتبر کتابوں سے عام فہم اورباحوالہ اصطلاحات ذکرکردی گئی ہیں۔علاوہ ازیں بہارشریعت کی پھلی جلدمیں جو مشکل اعلام(مختلف چیزوں کے نام )مذکور ہیں لغت کی مختلف کتب سے تلاش کرکے ان کوبھی آسان ا نداز میں حصوں کے مطابق اصطلاحات کے آخر میں ذکرکردیاگیاہے ۔
پروف ریڈنگ: اس جلد کو آپ تک پہنچانے سے پہلے کم از کم 4مرتبہ پروف ریڈنگ کی گئی ہے۔
حواشی: صد رالشریعہ علیہ رحمۃ ربِّ الورٰی کے حواشی کوکتاب کے آخر میں دینے کے بجائے متعلقہ صفحہ ہی پر نقل کر دیا اور حسبِ سابق ۱۲ منہ بھی لکھ دیا ہے۔ اکابر مفتیان کرام اور علمائے کرام سے مشورے کے بعد اس جلد میں صفحہ نمبر351, 934, 931, 833, 741, 728, 687, 657, 644, 626, 615, 553, 550, 379, 352, 1175, 1149, 1056, 1045, 1044, 979, مسائل کی تصحیح، ترجیح، توضیح اور تطبیق کی غرض سے المدینۃ العلمیۃ (دعوتِ اسلامی) کی طرف سے بھی حاشیہ دیا گیا ہے۔ چند مثالیں ملاحظہ ہوں ؛
(1)بہارشریعت حصہ3صفحہ550پر ہے ؛مستحب یہ ہے کہ باوضو قبلہ رو اچھے کپڑے پہن کر تلاوت کرے اور شروع تلاوت میں اعوذ پڑھنا مستحب ہے ۔