| بہارِشریعت حصّہ اول (1) |
اشاعت مختلف انداز میں بڑی تیزی سے ہورہی ہے مگر آپ نے حواشی اورتخریج کے ساتھ اسکی قدر وقیمت کو بڑھا دیاہے ،قارئین کو مسائل کے جاننے میں آسانی ہوگی اور جو لوگ حوالے کی تلاش میں رہتے ہیں انہیں راہنمائی ملے گی۔مزید بر آں حضرت ابو بلال امیر دعوت اسلامی علامہ محمد الیاس قادری عطار قبلہ کی زیر نگرانی جو علمی اور تصنیفی کام ہو رہا ہے اس کے دُوررس اثرات مرتب ہوں اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ آپ کو ہمت دے اور کام جاری رہے ۔والسلام شماریاتی جاءزہ : بہار شریعت کی اس جلد میں221آیاتِ قراٰنیہ، 1062احادیثِ مبارکہ، 3431فقہی مسائل اور 144عقائد شامل ہیں ۔
مَدَنی گزارش
اِن تمام تر کوششوں کے باجودہمیں دعوی کمال نہیں لہٰذا ھمارے کام میں جو خوبی نظر آئے وہ ھمارے صدرالشریعہ علیہ رحمۃ ربِّ الورٰی کے قلم کاکمال ہے، اورھمارے پیرومُرشِد امیرِ اھلسنّت حضرت علامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت برکاتہم العالیہ کا فیض ہے اور جہاں خامی ہووہاں ھماری غیرارادی کوتاہی کو دخل ہے ۔اسلامی بھائیوں بالخصوص علمائے کرام دامت فیوضھم سے مؤدبانہ درخواست ہے کہ جہاں جہاں ضرورت محسوس کریں بذریعہ مکتوب یا ای میل ھماری رہنمائی فرمائیں ۔اللہ تعالیٰ دعوتِ اسلامی کے تحقیقی واشاعتی ادارے ''المدینۃ العلمیۃ'' کی اس کاوش کو قبول فرمائے اور ہمیں اپنی اصلاح کے لئے شیخ طریقت امیرِ اھلسنّت بانیئ دعوتِ اسلامی حضرت علامہ مولانا ابوبلال محمد الیاس عطارؔ قادری مدظلہ العالی کے عطا کردہ مدنی انعامات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ساری دنیا کے لوگوں کی اصلاح کی کوشش کے لئے 3 دن، 12 دن، 30 دن اور 12 ماہ کے لئے عاشقانِ رسول کے سفر کرنے والے مدنی قافلوں کا مسافر بنتے رہنے کی توفیق عطا فرمائے اور دعوتِ اسلامی کی تمام مجالس بشمول مجلس ''المد ینۃ العلمیۃ'' کو دن پچیسویں رات چھبیسویں ترقی عطا فرمائے۔
اٰمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم مجلس المدینۃ العلمیۃ (دعوتِ اسلامی)
E.mail:ilmia26@yahoo.com,...gmail.com
اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْنَ وَ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامُ عَلٰی سَیِّدِ الْمُرْسَلِیْنَ اَمَّا بَعْدُ فَاَعُوْذُ بِاللہِ مِنَ الشَّیْطٰنِ الرَّجِیْمِ بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ ؕ
تَذْکِرَہ صَدْرُ الشَّرِیْعَہ عَلَیْہِ رَحْمَۃُ رَبِّ الْوَرٰی
(از: شیخِ طریقت ،امیرِ اھلسنّت ،با نی دعوتِ اسلامی حضرتِ علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطارؔ قادری رضوی ضیائی دَ امَتْ بَرَکَاتُہُمُ الْعَالِیَہ)
شیطان لاکھ سُستی دلائے چند اَوراق پر مشتِمل '' تذکرہ صدرالشَّریعہ'' مکمَّل پڑھ لیجئے ان شاءَ اللہ عزوجل آپ کا دل سینے میں جھوم اُٹھے گا۔
دُرُود شریف کی فضیلت
رسولِ اکرم،نُورِ مُجَسَّم، شاہِ بنی آدم،نبیِّ مُحتَشَم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ معظم ہے:جس نے مجھ پر سو مرتبہ دُرُودِپاک پڑھا اللہ تعالیٰ اُس کی دونوں آنکھوں کے درمیان لکھ دیتا ہے کہ یہ نِفاق اور جہنَّم کی آگ سے آزاد ہے اور اُسے بروزِ قیامت شُہَداء کے ساتھ رکھے گا۔
(مَجْمَعُ الزَّوَائِد ج۱۰ ص۲۵۳حدیث ۱۷۲۹۸ دار الفکر بیروت)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
سگِ مدینہ کے بچپن کی ایک دُھندلی یاد
تبلیغِ قراٰن وسنّت کی عالمگیر غیرسیاسی تحریک ''دعوتِ اسلامی ''کے قیام سے بہت پہلے میرے عہدِطُفُولیت (یعنی بچپن یا لڑکپن)کا واقعہ ہے۔جب ہم بابُ المدینہ کے اندر گؤ گلی،اولڈ ٹاؤن میں رہائش پذیر تھے، محلّے میں بادامی مسجِد تھی جو کہ کافی آباد تھی ، پیش امام صاحِب بَہُت پیارے عالم تھے ،روزانہ نَمازِ عشاء کے بعد نَماز کے دو ایک مسائل بیان فرما یا کرتے تھے(کاش ! ہر امامِ مسجِد روزانہ کم از کم کسی ایک نَماز کے بعد اسی طرح کیا کرے) جس سے کافی سیکھنے کو ملتا تھا۔ ایک دن میں اپنے بڑے بھائی جان(مرحوم) کے ساتھ غالِباً نَمازِ ظہر اِسی بادامی مسجِد میں ادا کرکے باہَر نکلا تھا، پیشِ امام صاحِب فارِغ ہو کر مسجِد کے باہَر تشریف لا چکے تھے۔ کسی نے کوئی مسئلہ پوچھا ہو گا اِس پر انہوں نے کسی کو حکم فرمایا: بہارِ شریعت لے آؤ۔ چُنانچِہ ایک کتاب ان کے ہاتھوں میں دی گئی اُس پر جلی حُرُوف سے بہارِ شریعت لکھا تھا، سرِوَرَق پر سورج کی کرنوں کے مُشابہ خوبصورت دھاریاں بنی ہوئی تھیں ، امام صاحِب نے وَرَق گردانی شروع کی، مجھے اُس وَقت خاص پڑھنا تو آتا نہیں تھا ۔ جگہ جگہ جلی جلی حُرُوف میں لفظِ