| بدگمانی |
جب بھی دِل میں کسی مسلمان کے بارے میں بدگُمانی پیدا ہوتواپنی توجہ اس کی طرف کرنے کے بجائے بدگُمانی کے شرعی احکام کو پیشِ نظر رکھئے اور بدگُمانی کے انجام پر نگاہ رکھتے ہوئے خود کو عذابِ الہٰی سے ڈرائیے ۔میٹھے میٹھے اِسلامی بھائیو!یقیناہم جہنم کا ہلکے سے ہلکا عذاب بھی برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتے۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما روایت کرتے ہیں کہ رسول اکرم،نورِ مجسم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ''دوزخیوں میں سب سے ہلکا عذاب جس کو ہو گا اسے آگ کے جوتے پہنائے جائیں گے جن سے اس کا دماغ کھولنے لگے گا۔''
( صحیح البخاری ،باب صفۃ الجنۃ والنار ، الحدیث ۶۵۶۱ ،ج۴،ص۲۶۲)
پانچواں علاج:
اپنے مالک ومولاعَزَّوَجَلَّ کی بارگاہ میں دستِ دُعا دراز کر دیجئے اور یوں عرض کیجئے:''اے میرے مالک عَزَّوَجَلَّ! تیرا یہ کمزور وناتواں بندہ دُنیا وآخرت میں کامیابی کے لئے اس بدگُمانی سے اپنے دِل کو بچانا چاہتاہے۔ اے میرے رب عَزَّوَجَلَّ! میری مدد فرمااور میری اس کوشش کو کامیابی کی منزل تک پہنچادے۔ اے اللہ عَزَّوَجَلَّ!مجھے اپنے خوف سے معمور دِل، رونے والی آنکھ اور لرزنے والا بدن عطا فرما ۔آمین بجاہ النبی الامین صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم