| الزھد وقصرالامل (دُنیاسے بے رغبتی اوراُمیدوں کی کمی) |
(۳)۔۔۔۔۔۔حضرت سیدناابوہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے کہ اللہ کے حبیب،حبیب لبیب عزوجل و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کافرمانِ محبت نشان ہے :''فقراء سے محبت کرواوران کے پاس بیٹھاکرو اور(خوش عقیدہ) اہل عرب کو دل سے محبوب رکھواور لوگوں کے جن عیوب سے تم واقف ہو ان سے چشم پوشی کیا کرو۔''
(المستدرک للحاکم،کتاب الرقاق،باب فی بئرجھنم......الخ،الحدیث:۸۰۱۷،ج۵،ص۴۷۲)
اغنیاء سے پہلے جنت میں داخل ہونے والے
حضرت سیدنا ابو ہریرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ شہنشاہِ مدینہ،قرارِ قلب و سینہ، باعثِ نُزولِ سکینہ، فیض گنجینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کافرمان جنت نشان ہے: ''بروزِقیامت مسلمان فقراء مالداروں سے نصف دن پہلے جنت میں داخل ہوں گے اور وہ نصف دن پانچ سوسال کے برابرہوگا۔''
(جامع الترمذی ،کتاب الزھد،باب ماجاء ان فقرا......الحدیث:۵۴۔۲۳۵۳،ص۱۸۸۸)
جنت میں فقراء زیادہ ہوں گے :
حضرت سیدناعبداللہ بن عمرو رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ سردارِمکہ مکرمہ،سلطانِ مدینہ منورہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کافرمانِ عالیشان ہے :''میں نے جنت کے اندر جھانکا تواہل جنت میں فقراء (یعنی غریبوں)کوزیادہ دیکھا اور دوزخ کے اندرجھانکاتواہل دوزخ میں اغنیاء (یعنی مالداروں) اورعورتوں کو زیادہ دیکھا ۔''
(المسنداحمدبن حنبل،مسندعبداللہ بن عمروبن العاص،الحدیث:۶۶۲۲،ج۲،ص۵۸۲)