Brailvi Books

الزھد وقصرالامل (دُنیاسے بے رغبتی اوراُمیدوں کی کمی)
42 - 82
    حضرت سیدتنا فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے مروی ہے کہ ایک دن حضورنبی پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم اِن کے ہاں تشریف لائے اور ارشاد فرمایا:''میرے دونوں بیٹے یعنی حضرات حسن وحسین رضی اللہ تعالیٰ عنہماکہاں ہیں ؟'' حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا نے عرض کی:'' آج جب ہم نے صبح کی توہمارے گھر میں کھانے کے لئے کوئی چیز نہیں تھی توحضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے مجھ سے فرمایا کہ'' میں ان دونوں کو کہیں لے جاتا ہوں ،مجھے ڈر ہے کہ یہ تیرے پاس (بھوک کی وجہ سے )روئیں گے اورتمہارے پاس انہیں کھلانے کو کچھ نہیں۔'' پس وہ فلاں یہودی کی طرف گئے ہیں ۔''

    توحضورصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم بھی اُدھرتشریف لے گئے ،آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم وہاں پہنچے تودیکھا کہ دونوں شہزادے حوض میں کھیل رہے ہیں اور کچھ بچی ہوئی کھجوریں ان کے سامنے پڑی ہیں، آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے فرمایا:''اے علی ! کیا میرے بیٹوں کو گرمی کی شدت سے پہلے پہلے گھر نہیں لے جاؤگے ؟''حضرت علی المرتضٰی
کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْھَہُ الْکَرِیْم
نے عرض کی:'' یارسول اللہ عزوجل وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم آج جب ہم نے صبح کی تو ہمارے گھر میں کھانے کے لئے کچھ نہیں تھا، اگرآپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم تھوڑی دیر بیٹھ جائیں تو میں حضرت فاطمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے لئے یہ بچی ہوئی کھجوریں چن لوں۔''پس حضورصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم تشریف فرماہوگئے۔ اور حضرت علی المرتضٰی
کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْھَہُ الْکَرِیْم
نے بچی ہوئی کھجوریں اکھٹی کرکے ایک کپڑے میں جمع کیں پھر چل دیئے ،ایک شہزادے کو حضور صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے اوردوسرے کوحضرت علی
کَرَّمَ اللہُ تَعَالٰی وَجْھَہُ الْکَرِیْم
نے اٹھالیایہاں تک ان کوگھر پہنچادیا۔''
    (المعجم الکبیر،ج۲۲،ص۴۲۲)
Flag Counter