(۲)۔۔۔۔۔۔حضرت سیدناابو امامہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسولوں کے سالار، دوعالم کے مالک ومختارباذنِ پروردگار عزوجل و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کافرمانِ عظمت نشان ہے:'' میرے نزدیک سب سے زیادہ قابل رشک دوست وہ مومن ہے جو کم مال کے سبب ہلکے بوجھ والاہو ، اسے نمازسے حصہ دیاگیاہو، اپنے پروردگا رعزوجل کی عبادت احسن انداز سے بجا لاتا ہو ،تنہائی اور پوشیدگی میں اپنے رب عزوجل کی اطاعت کرتا ہو ، لوگوں میں چھپاہواہو(یعنی شہرت نہ رکھتاہو) ، اس کی طرف انگلیوں سے اشارے نہ کئے جاتے ہوں اوراسے بقدرِ ضرورت رزق دیاگیاہو اور وہ اس پرصبرکرتاہو۔ ''
پھر آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم نے اپنی انگلیوں سے ضرب لگاتے ہوئے فرمایا: ''اور اُس کی موت جلد واقع ہوجائے ،اس پر رونے والے کم ہوں اوراس کا ورثہ کم ہو ۔''اورپھر ارشادفرمایا:'' میرے رب عزوجل نے مجھ پرمکہ کی وادی کو پیش کیا کہ وہ اُسے میرے لئے سونا بنادے تو میں نے عرض کی: ''نہیں، اے میرے پروردگار عزوجل !بلکہ میں چاہتا ہوں کہ ایک دن کھاؤں اور ایک دن بھوکا رہوں۔''
یایہ ارشادفرمایا:''تین دن کھاؤں اور تین دن بھوکا رہوں، جب بھوکا رہوں گا تو تیرے حضور گریہ وزاری اور تیراذکرکروں گا اور جب کھاؤں گاتو تیرا شکر ادا کروں گا اور تیری حمد وثنا ء بجالاؤں گا ۔