ترجمہ کنزالایمان :جو آگ سے بچا کر جنت میں داخل کیاگیا وہ مراد کو پہنچا۔(پ4،اٰل عمران :185)
اے انسان !نیکی کے کاموں میں کوشش کر اور موت سے پہلے پہلے اپنی عمر سے فائدہ اٹھا،۔۔۔۔۔۔ دنیاایک محدود وقت ہے اس میں جتنے بھلائی کے کام تو کرنا چاہے کرسکتاہے، ۔۔۔۔۔۔ اور ایک وقت وہ ہے جوآنے والاہے جس میں تجھے نہیں معلوم کہ قادر مطلق عزوجل تیرے ساتھ کیامعاملہ فرمانے والا ہے...؟جو لمحہ گزر گیا تیرے اچھے یا برے عمل کو ساتھ لے گیااب وہ قیامت تک واپس نہیں آئے گا۔اے انسان!اپنی فراغت سے موقع اٹھا اور صحت سے فائدہ حاصل کر (یعنی زندگی کے ایسے لمحات کو غنیمت جان اور کچھ نیک اعمال کرلے)۔چنانچہ،
حضرت سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ نور کے پیکر، تمام نبیوں کے سَرْوَر، دو جہاں کے تاجْوَر، سلطانِ بَحرو بَر صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم کا فرمانِ عظمت نشان ہے : ''دو نعمتیں ایسی ہیں جن کی وجہ سے اکثر لوگ دھوکے میں ہیں (ایک)صحت اور (دوسری)فراغت۔''