اے غافلو!بیدا ر ہوجاؤ، اے گناہوں پر قائم رہنے والو! باز آجاؤ اور نصیحت حاصل کرو،۔۔۔۔۔۔ خدا کے واسطے ذرا مجھے یہ تو بتاؤ کہ اس سے بر احال کس کا ہوگاجسے اس کی خواہشات نے (فکرِ آخرت سے )دور کردیا ہو ،۔۔۔۔۔۔ اس سے زیادہ خسارہ پانے والا کون ہوگا جس نے اپنی آخرت دنیا کے بدلے بیچ ڈالی ۔ یہ کیسی غفلت ہے جو تمہارے دلوں پر چھا گئی ہے ،۔۔۔۔۔۔ یہ کیسی جہالت ہے جس نے تمہارے عیبو ں کو تمہاری نگاہوں سے اوجھل کردیا ہے؟۔۔۔۔۔۔ کیاتم اپنے ارد گرد موت کی تلواروں کوچمکتے ہوئے نہیں دیکھتے حالانکہ موت کی آہٹیں تمہارے درمیان واقع ہوتی رہتی ہیں اور اس کی نگاہیں تم پر جمی ہوئی ہیں اور اس کی آزمائشیں تمہارے عذر کو مٹانے والی ہيں اور اس کے تیر تم میں سے بہت ساروں کو لگ چکے ہیں اور یہ تمہیں بھی گھیر ے میں لے چکی ہے،۔۔۔۔۔۔ تو کب تک اور کس لئے تم پیچھے رہ گئے ؟۔۔۔۔۔۔کیا تم ہمیشہ بقاء کی طمع رکھتے ہو؟۔۔۔۔۔۔ ہر گز نہیں واحد وصمدعزوجل کی قسم! موت تاک میں ہے یہ نہ کسی باپ کو چھوڑتی ہے اورنہ بیٹے کو ۔ اللہ عزوجل تم پر رحم فرمائے اپنے مولا عزوجل کی عبادت میں خوب کو شش کرو اور گناہوں سے دور ہوجاؤ تاکہ وہ تم سے محبت فرمائے ۔