| آنسوؤں کا دریا |
آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ پر 78سال ایسے گزرے کہ آپ کوکبھی لیٹے ہوئے نہیں دیکھا گیا، آپ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ صرف مرض الموت میں لیٹے تھے۔ (اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..ا ور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلي اللہ عليہ وسلم)
گھر سے نہ نکلتا:
حضرتِ سیِّدُنا جنیدبغدادی علیہ رحمۃ اللہ الھادی فرماتے ہیں کہ میں نے حضرتِ سیِّدُنا سری سقطی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کو فرماتے ہوئے سنا کہ اگر جمعہ اور جماعت واجب نہ ہوتی تو میں کبھی اپنے گھر سے نہ نکلتا اور مرتے دم تک اپنے گھر ہی کولازم پکڑتا۔ (اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..ا ور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلي اللہ علیہ وسلم)
خوف ِ خدا عزوجل سے رونے کا انعام:
حضرتِ سیِّدُنا ابو بکرصیدلانی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت سیدنا سلیمان بن منصور بن عمارعلیہ ر حمۃ اللہ الغَفَّار کو فرماتے ہوئے سنا کہ میں نے خواب میں اپنے والد کو دیکھا تو پوچھا:'' مَافَعَلَ بِکَ رَبُّکَ یعنی آپ کے رب عزوجل نے آپ کے ساتھ کیا معاملہ کیا ؟''انہوں نے جواب دیاکہ رب عزوجل نے مجھے اپنا قرب عطا فرمایا پھر مجھ سے پوچھا :''اے بدکاربڈھے !کیا تو جانتا ہے کہ میں نے تجھے کیوں بخشا ؟ '' میں نے عرض کی''میں نہیں جانتا۔'' فرمایا:'' ایک دن تو نے ایک اجتماع میں لوگو ں کو رُلایا تھا ان میں میرا ایک ایسا بندہ بھی روپڑاتھا جو میرے خوف سے کبھی نہیں رویا تو میں نے اس کی مغفرت فرمادی اور اس کے صدقے تمام اہلِ مجلس کی مغفرت فرمادی تم بھی ان میں شامل تھے جن کی میں نے اس کے صدقے مغفرت فرمائی۔'' (اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..ا ور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلي اللہ عليہ وسلم)