شہنشاہِ نبوّت،مخزنِ جودوسخاوت صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم کا فرمانِ جنت نشان ہے: اللہ عزوجل نے حضرتِ سیِّدُنا داؤد علیہ السلام کی طر ف وحی بھیجی کہ'' اے داؤد (علیہ السلام)! گنہگاروں کو خوشخبری دے د و اور صدیقین کو ڈرسناؤ۔'' تو حضرت سیدناداؤد علیہ السلام کو اس بات پر بڑاتعجب ہوا، تو انہوں نے عرض کی:'' یا رب عزوجل میں گنہگاروں کوکیا خوشخبری دوں اور صدیقین کو کیا ڈرسناؤں؟''
اللہ عزوجل نے فرمایا:'' اے داؤد (علیہ السلام)! گنہگاروں کو یہ خوشخبری سنا دو کہ کوئی گناہ میری بخشش سے بڑا نہیں اور صدیقین کو اس بات کا ڈرسناؤ کہ وہ اپنے نیک اعمال پر خوش نہ ہو ں کہ میں نے جس سے بھی اپنی نعمتوں کا حساب لیاوہ تباہ وبرباد ہوجائے گا، اے داؤد(علیہ السلام) ! اگر تو مجھ سے محبت کرنا چاہتاہے تو دنیا کی محبت کو اپنے دل سے نکال دے کیونکہ میری اور دنیا کی محبت ایک دل میں جمع نہیں ہوسکتیں، اے داؤد(علیہ السلام) ! جو مجھ سے محبت کرتاہے وہ رات کو میرے حضور تہجدادا کرتاہے جبکہ لوگ سورہے ہوتے ہیں، وہ تنہائی میں مجھے یاد کرتاہے جب غافل لوگ میرے ذکر سے غفلت میں پڑے ہوتے ہیں ،وہ میری نعمت پر شکراداکرتا ہے جبکہ بھولنے والے مجھ سے غفلت اختیار کرتے ہیں ۔''