حدیث قدسی میں ہے کہ اللہ عزوجل نے حضرتِ سَیِّدُنا موسیٰ علی نبینا وعلیہ الصلوٰۃ و السلام سے فرمایا :'' اے موسیٰ علیہ السلام !میں نے توراۃ (شریف)کو پانچ باتوں پر ختم کیا ہے اگرتم ان پر عمل کروگے تو ہی توراۃ کاعلم تمہیں نفع دے گا ،اے موسیٰ (علیہ السلام)! ان میں سے پہلی بات یہ ہے کہ میں نے تمہارے لئے جو رزق مقرر کردیا ہے جب تک میرے خزانے میں کمی نہ دیکھو(جومتصوّر ہی نہیں) اسی حصے پر بھروسہ کرو،اے موسیٰ (علیہ السلام) ! دوسری بات یہ ہے کہ جب تک میری حکومت کو زائل ہوتے نہ دیکھ لو(جومتصوّر ہی نہیں) تو دنیوی حکمران سے نہ ڈرو، اے موسیٰ (علیہ السلام)! تیسری بات یہ ہے کہ جب تک تم خود کو خلافِ اَولی سے خالی نہ پاؤ کسی کے عیب کی ٹوہ میں نہ پڑو،اے موسیٰ (علیہ السلام) ! چوتھی بات یہ ہے کہ جب تک تمہاری روح تمہارے جسم میں رہے شیطان سے جنگ کرنا نہ چھوڑو،اے موسیٰ(علیہ السلام)! پانچویں بات یہ ہے کہ میرے عتاب سے بے خوف مت رہنا اگرچہ تم خود کو جنت میں پاؤ۔''