Brailvi Books

آنسوؤں کا دریا
219 - 303
    اے نوجوانو! خدا عزوجل کے ان مقرب بندوں کی زندگی کتنی پاکیزہ ہے جنہوں نے اس شرابِ محبت کو پیا اور ا س کی کیفیت کو پوشیدہ رکھا۔ تم ا ن لوگوں کو عشق ، وجدانیت ، خوف و امید اور حیرانی کے عالم میں پاؤگے کیونکہ ان کے محبوب نے ان کے دلوں پر تجلی فرماکر انہیں دنیا کی طرف متوجہ ہونے سے روک دیا اوران پر مہربانی فرماتے ہوئے ارشاد فرمایا :'' اے میرے بندوں! تم پر کوئی خوف نہیں آج تم امان میں ہو تم نے میری خاطرجو مشکلات برداشت کی ہیں میں ان کی قدر جانتا ہوں ،کتنی آنکھیں جاگ رہی ہیں اور کتنے دل شوق سے بے قرار ہیں ۔جلد ہی اپنا دیدار کراؤں گا اور تم ایسی نعمتیں پاؤ گے جس کا خیال کسی انسان کے دل میں نہ آیا اور تمہیں اپنی رضا سے نوازوں گا ، تمہارے لئے جنت میں محفلیں سجاؤں گا اور توحید کی خالص مے پلاؤں گا کیونکہ میں حنّان و منّان ہوں۔''

    سنوسنوپیارے اسلامی بھائیو! شوق رکھنے والے کہاں ہیں شراب ِ محبت تو یہاں ہے اور محبت کے پیالے بھرے ہوئے ہیں ۔

    اے نافرمانی میں عمر گنوا دینے والے ! تو نیک اور برگزیدہ بندوں میں کیسے شامل ہوسکتا ہے وقت بدل جانے سے پہلے ہی اطاعت میں سبقت لے جا، ورنہ پیچھے رہ جانے کی صورت میں بہت نقصان اٹھائے گا ،اپنے فائدے کے لئے کام کر اوربے جا بہانے چھوڑ دے، جو تجھے ملامت کرے اس پر توجہ نہ دے اور جو شکایت کرے اس کی با ت نہ سن اور جو تجھے نصیحت کرے اس کی اطاعت کر، اللہ عزوجل فرماتا ہے: