حضرتِ سیِّدُنا مغیرہ بن حبیب علیہ رحمۃ اللہ المُجِیْب فرماتے ہیں کہ'' میں محبو بانِ خداعزوجل کے مجاہدات او رعا رفین کی مناجات کے بارے میں سناکرتا اور ان میں سے کسی کے حال پر مطلع ہونے کی خواہش کرتا تھا۔ لہذا میں حضرتِ سیِّدُنا مالک بن دینار علیہ رحمۃ اللہ الغَفَّار کے ہاں گیااور چھپ کرانہیں دیکھنے لگا ۔میں کئی راتوں تک ان کی عبادات کو دیکھتا رہا۔ وہ عشاء کے بعد وضوء کرتے اور نماز کے لئے کھڑے ہوجاتے۔ بعض اوقات ایک یا دو آیتو ں کی تکرار میں پوری رات گزار دیتے ۔ کبھی آہستہ آہستہ تلاوت کی آواز بڑھادیتے پھر جب سجدہ کرلیتے اور نماز سے فارغ ہوتے تو اپنی داڑھی پکڑ لیتے اور بچو ں سے بچھڑ جانے والی ماں کی طر ح فریاد کرتے اور پریشان حال شخص کی طرح روتے ہوئے یوں دعا مانگتے:'' یا الٰہی عزوجل!اے میری زندگی کے مالک !اے میری تنہائی کے رفیق !اے مناجات کے سننے والے ! تونے اپنے اس فرمان سے فضل واحسان کیا :