ایک بزرگ رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں کہ میں ایک سفر کے دوران کسی راستے سے گزر رہا تھا ۔میں روزے سے تھا ،میں نے ایک بہتی نہر کو دیکھا تو اس میں غسل کے لئے غوطہ لگا دیا۔ اچانک میں نے پانی کی سطح پر ایک بہی دانہ(ایک پھل) تیرتے ہوئے دیکھا تو اسے افطار کے لئے اٹھالیا ۔جب میں نے اس سے افطاری کرلی توبہت ندامت ہوئی کہ میں نے غیر کے مال سے افطار ی کرلی ۔ جب صبح ہوئی تو میں اس باغ کے دروازے پر پہنچ گیا جہاں سے نہر نکل رہی تھی ۔میں نے دروازے پر دستک دی تو ایک عمر رسید ہ بزرگ باہر نکلے میں نے ان سے کہا :''کل آپ کے اس باغ سے ایک بہی دانہ دریامیں بہتا ہواگیاتھا میں نے اسے اٹھا کر کھالیا اور اب میں اس پر بہت نادم ہوں مجھے امید ہے کہ آپ اس کا کوئی حل نکالیں گے ۔'' وہ بزرگ بولے:'' میں توخود اس باغ میں مزدو ر ہوں، مجھے یہاں کام کرتے ہوئے چالیس سال ہوگئے مگر میں نے اس کا ایک پھل بھی نہیں کھایا اور اس باغ میں میرا کوئی حصہ نہیں۔'' میں نے پوچھا : ''پھریہ باغ کس کا ہے ؟''انہوں نے کہا کہ ''یہ باغ دوبھائیوں کا ہے جوفلاں جگہ رہتے ہیں ۔''