Brailvi Books

حِلْیَۃُ الْاَوْلِیَاء وَطَبَقَاتُ الْاَصْفِیَاء(جلد: 7)ترجمہ بنام اللہ والوں کی باتیں
266 - 361
(10512)…حضرت سیِّدُنا عبْدُالرحمٰن  بن عوفرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہسے روایت ہے کہ حضورنَبِیِّ کریم، رَءُوْفٌ رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا:  جب جنتی جنت میں اور جہنمی جہنم میں چلے جائیں گے تو مجھ سے کہا جائے گا:  اے محمد(صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْکَ وَسَلَّم)!شفاعت کر کے اپنے جس امتی کو چاہو جہنم سے نکال لو۔ پس اس دن میری  شفاعت اس شخص پر حرام ہو گی جو اللہ عَزَّ  وَجَلَّ سے اس حال میں ملا کہ اس نے میرے کسی صحابی کو گالی دی ہو ۔ (1) 
پانچویں نہ بننا: 
(10513)…حضرت سیِّدُنا ابوبَکْرَہ نُفَیْع بن حارث رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ روایت کرتے ہیں کہ سیِّدُ المُبَلِّغین، رَحمۃٌ لِّلْعٰلَمِینصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کا فرمانِ دلنشین ہے : اس حال میں صبح کرو کہ عالم ہو یا طالب علم ہو یا بات کو غور سے سننے والے ہو یاعلم سے محبت کرنے والے ہو پانچویں نہ ہوناورنہ ہلاک ہو جاؤ گے ۔ (2)
	حضرت سیِّدُنا عطاء فرماتے ہیں کہ حضرت سیِّدُنا مسعر رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہِمَا نے فرمایا: آپ نے ہمیں جو پانچواں بتایا ہے وہ ہمارے علم میں نہیں۔ حضرت سیِّدُنا عطا ء رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا:  پانچواں وہ ہے جو علم و علما سے بغض رکھے ۔ 
نمازِ چاشت کی فضیلت: 
(10514)…حضرت سیِّدُنا عبداللہ بن عمر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے روایت ہے کہ جو شخص فجر کی نماز پڑھ کر مسجد میں بیٹھا ر ہے حتّٰی کہ سورج بلند ہو جائے پھر چاشت کی دو رکعت نماز پڑھے تو اس کے لئے پورے حج وعمرہ کا ثواب لکھا جاتا ہے ۔ 
(10515)…حضرت سیِّدُنا جریربن عبداللہرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ بیان کرتے ہیں کہ میں بارگاہِ رسالت میں بیعت کے لئے حاضر ہواتوآپ صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے مجھے ہر مسلمان کو نصیحت کرنے کا پابند کیا، لہٰذا میں تم سب کے لیے ناصح ہوں۔ (3)
بُرائیوں سے حفاظت کی دعا: 
(10516)…زِیادبن عِلاقہ کے چچابیان کرتے ہیں کہ رَسُولِ پاک، صاحِبِ لولاکصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم دعامیں یہ کلمات کہاکرتے تھے : اَللّٰهُمَّ جَنِّبْنِيْ مُنْكَرَاتِ الْاَخْلَاقِ وَالْاَهْوَاءِ وَالْاَدْوَاءِیعنی اے اللہ عَزَّ  وَجَلَّ!مجھے بُرے اخلاق، بُری خواہشات اوربرے امراض سے محفوظ فرما۔ (4)
(10517)…حضرت سیِّدُناقُطبہ بن مالكرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہروایت کرتے ہیں کہ حضورنَبِیِّ پاک، صاحِبِ لولاک صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے فجر کی نماز میں یہ تلاوت کی:  
وَ النَّخْلَ بٰسِقٰتٍ لَّهَا طَلْعٌ نَّضِیْدٌۙ(۱۰) (پ۲۶، قٓ: ۱۰)	ترجمۂ کنز الایمان: اور کھجور کے لمبے درخت جن کا پکا گابھا (پکا ہوا تازہ پھل)۔
(10518)…حضرت سیِّدُنامُغِیرہ بن شعبہَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہسے روایت ہے کہاللہ عَزَّ  وَجَلَّ کے حبیب، حبیْبِ لبیبصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمیہ دعاکیاکرتے تھے : اَللّٰهُمَّ لَا تَكِلْنِيْ اِلٰى نَفْسِيْ طَرْفَةَ عَيْنٍ وَّلَا تَنْزِعْ مِنِّيْ صَالِحَ مَا اَعْطَيْتَنِيْ اِذَااَعْطَيْتَنِيْهِ فَاِنَّهٗ لَا نَازِعَ لِمَااَعْطَيْتَ وَلَا يَنْفَعُ ذَاالْجَدِّمِنْكَ الْجَدُّ یعنی الٰہی! پلک جھپکنے کی مقدار بھی مجھے میرے نفس کے حوالے نہ کرنا، جب تو مجھے کوئی بھلائی عطا فرمائے توپھر اس عطا سے مجھے محروم نہ کرنا کیونکہ جو تو دے اسے کوئی روک نہیں سکتا اور کسی دولت مند کو تیرے مقابلے پر دولت نفع نہ دے گی۔ (5)
(10519)…حضرت سیِّدُنا عبداللہ بن یزید انصاری رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ سے مروی ہے کہ مُعلّمِ کائنات، شاہِ موجودات صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا:  جب تم میں کسی سے پوچھا جائے کہ کیا تم مومن ہو؟ تووہ شک نہ کرے ۔ (6)
(10520)…حضرت سیِّدُنا عبداللہ بن مسعود رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے یہ آیتِ مبارکہ تلاوت کی: 
وَ اٰتَى الْمَالَ عَلٰى حُبِّهٖ  (پ۲، البقرة: ۱۷۷)             ترجمۂ کنز الایمان:  اور اللہ کی محبت میں اپنا عزیز مال دے ۔
	پھر ارشاد فرمایا: مال خرچ کروخواہ تندرست ہواور زندگی کی امید ہوخواہ مال خرچ نہ کرنے والے ہو اور فقروفاقے کا ڈرہو۔ 
افضل نماز کون سی ہے ؟ 
(22-10521)…حضرت سیِّدُناعبداللہبن مسعودرَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہنے فرمایا: فَضْلُ صَلَاةِ اللَّيْلِ عَلٰى صَلَاةِ النَّهَارِ كَفَضْلِ صَدَقَةِ السِّرِّ عَلٰى صَدَقَةِ الْعَلَانِيَةِ یعنی رات کی نماز کو دن کی نماز پر ایسی ہی فضیلت ہے جیسی پوشیدہ صدقے کو علانیہ صدقے پر ہے ۔ 



________________________________
1 -   تخريج نہیں ملی۔ 
2 -   معجم صغیر، جزء۲، ص۹، حدیث:  ۷۸۷
3 -   مسند امام احمد، حدیث جریر بن عبد اللّٰه، ۷ / ۷۳، حدیث: ۱۹۲۷۸
4 -   معجم کبیر، ۱۹ / ۱۹، حدیث: ۳۶
5 -   المتفق والمفترق، ۳ / ۱۶۵۹، حدیث: ۱۱۴۶، رقم ۱۰۱۹، والعباس بن مرداس الاصبهانی
6 -   مجمع الزوائد، کتاب الايمان، باب فى الاسلام والايمان، ۱ / ۲۱۶، حدیث: ۱۷۲