انہوں نے فرمایا: انہیں آسمان کی طرف دیکھنے نے نہیں بلکہ فکرِآخرت نے تڑپایا ہے ۔
نماز میں رونا:
(9376)…حضرت سیِّدُنا مُزاحِم بن زُفَر رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ ذکر کرتے ہیں کہ حضرت سیِّدُنا سفیان ثَوریعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے ہمیں نمازِ مغرب پڑھائی، جب آپ قراءت کرتے ہوئے :
اِیَّاكَ نَعْبُدُ وَ اِیَّاكَ نَسْتَعِیْنُؕ(۴) (پ۱، الفاتحہ: ۴) ترجمۂ کنز الایمان: ہم تجھی کو پوجیں اور تجھی سے مدد چاہیں۔
تک پہنچے تو رونے لگے حتّٰی کہ قراءت رُک گئی پھر آپ نے ابتدا سے سورۂ فاتحہ کا اعادہ کیا۔ (1)
(9377)…حضرت سیِّدُنا سفیان ثَوریعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے فرمایا: اگر یقین دل میں ایسا قرار پکڑ لے جیسا ہونا چاہئے تو دل جنت کے شوق کی وجہ سے خوش ہو جائے گا یا جہنم کے خوف سے غمگین۔
دین کی سلامتی والی جگہ:
(9378)…حضرت سیِّدُناسفیان ثَوریعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے فرمایا: جب تمہیں کسی سستے علاقے کا علم ہوتو وہاں چلے جاؤکیونکہ وہ تمہارے دین کے لئے زیادہ سلامتی والااورتمہارے لئے تہمت کوزیادہ کم کرنے والا ہے ۔
(9379)…حضرت سیِّدُناسفیان ثَوریعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے فرمایا کہ تورات میں لکھا ہے : جب گھر میں گندم موجود ہو تو عبادت میں مشغول رہو اور اگر نہ ہو تو اس کی طلب کرو۔
(9380)…حضرت سیِّدُنامحمدبن یوسُف فریابیرَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہسے مروی ہے کہ حضرت سیِّدُناسفیان ثَوریعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے فرمایا: جب تم عبادت کاارادہ کروتوگندم جمع کرلو۔
(9381)…حضرت سیِّدُنا یحییٰ بن یمان عَلَیْہِ رَحْمَۃُ الرَّحْمٰن بیان کرتے ہیں کہ میں نے حضرت سیِّدُنا سفیان ثَوری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی سے سوال کیا: ابو عبداللہ!عبادت کہاں عمدہ ہوتی ہے ؟آپ رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ نے فرمایا: جہاں روٹیوں کا بڑا تھیلا ایک درہم کا ملتا ہو تاکہ کوئی کسی دوسرے کی طرف سوالیہ نظروں سے نہ دیکھے ۔
________________________________
1 - فرض کی پچھلی(آخری) رکعتوں میں (سورۂ)فاتحہ کی تکرار سے مطلقاً سجدۂ سہو واجب نہیں اور اگر پہلی رکعتوں میں الحمد کا زیادہ حصہ پڑھ لیا تھا پھر اِعادہ کیاتو سجدۂ سہو واجب ہے ۔ (بہار شریعت، حصہ چہارم، ۱ / ۷۱۱)جبکہ بھول کراعادہ کیاہواوراگرقصداًاِعادہ کیا تونمازواجِبُ الاعادہ ہوگی۔ (دارالافتااہلسنت)