Brailvi Books

حِلْیَۃُ الْاَوْلِیَاء وَطَبَقَاتُ الْاَصْفِیَاء(جلد: 7)ترجمہ بنام اللہ والوں کی باتیں
137 - 361
غنیمتوں کے مالک: 
(9836)…حضرت سیِّدُنا عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے مروی ہے کہ حضور نبیِّ کریم، رَءُوْفٌ رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے بدر کے دن ارشاد فرمایا:   ” جس نے کسی کافرکو قتل کیا اس کے لئے اتنااتنا مالِ غنیمت ہے اور جس نے کسی کافرکو قیدی بنایا اس کے لئے اتنا اتنامال غنیمت ہے ۔  “ تومسلمانوں نے 70کافرقتل کئے اور 70 ہی قیدی بنا ئے ۔ حضرت ابویَسَر بن عَمْرو رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ دوقیدیوں کو لے کر آئے اور عرض کی:  یارسولَ اللہ! آپ نے ہم سے وعدہ فرمایا تھا کہ  ” جس نے کسی کافرکو قتل کیا اس کے لئے اتنااتنا  مالِ غنیمت ہے اور جس نے کسی کافرکو قیدی بنایا اس کے لئے اتنا اتنامالِ غنیمت ہے ۔  “ اور میں دو قیدی لے کر آیا ہوں۔ حضرت سعد بن عبادہ رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہ نے کھڑے ہو کر عرض کی: یارسولَ اللہ!ہمیں ثواب سے بے رغبتی نے روکا نہ ہی دشمن  کے ڈرنے بلکہ ہم یہاں اس لئے ٹھہرے کہ کہیں مشرکین آپ کو نقصان نہ پہنچائیں ، اگر آپ نے ان لوگوں کو دیا تو یہاں ٹھہرنے والوں کے لئے کچھ نہیں بچے گا۔ یوں ایک گروہ کچھ کہنے لگا اور دوسرا کچھ اور کہنے لگا۔ اس پر یہ آیتِ مقدسہ نازل ہوئی: 
یَسْــٴَـلُوْنَكَ عَنِ الْاَنْفَالِؕ -قُلِ الْاَنْفَالُ لِلّٰهِ وَ الرَّسُوْلِۚ-فَاتَّقُوا اللّٰهَ وَ اَصْلِحُوْا ذَاتَ بَیْنِكُمْ۪-  (پ۹، الانفال: ۱)
ترجمۂ کنز الایمان: اے محبوب تم سے غنیمتوں کو پوچھتے ہیں تم فرماؤ غنیمتوں کے مالک اللہورسول ہیں تو اللہ سے ڈرو  اور اپنے آپس میں میل (صلح صفائی)رکھو۔
	حضرت سیِّدُنا عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَافرماتے ہیں : یہ آیت نازل ہونے پر لوگوں نے مالِ غنیمت رسولِ کریم، رَءُوْفٌ رَّحیم صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے حوالے کردیا۔ پھر یہ آیت طیبہ نازل ہوئی: 
وَ اعْلَمُوْۤا اَنَّمَا غَنِمْتُمْ مِّنْ شَیْءٍ فَاَنَّ لِلّٰهِ خُمُسَهٗ وَ لِلرَّسُوْلِ (پ۱۰، الانفال: ۴۱)
ترجمۂ کنز الایمان: اور جان لو کہ جو کچھ غنیمت لو تو اس کا پانچواں حصہ خاص اللہ اور رسول (کاہے )۔ (1)
(9837)…حضرت سیِّدُنا عبداللہ بن عُمَر رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُمَا سے روایت ہے : اللہ عَزَّ  وَجَلَّکے پیارے حبیب، حبیبِ لبیبصَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمانگوٹھی اپنے دائیں ہاتھ میں پہنا کرتے تھے ۔ (2)



________________________________
1 -    مصنف عبد الرزاق، کتاب الجھاد، باب ذکر الخمس وسھم ذی القربی، ۵ / ۱۶۲، حدیث: ۹۵۴۶
2 -    ابو داود، کتاب الخاتم، باب ماجاء فی التختم فی الیمین او الیسار، ۴ / ۱۲۳، حدیث: ۴۲۲۶، عن ابو سلمة