Brailvi Books

حِلْیَۃُ الْاَوْلِیَاء وَطَبَقَاتُ الْاَصْفِیَاء(جلد: 7)ترجمہ بنام اللہ والوں کی باتیں
113 - 361
دل مردہ ، جسم زندہ: 
(9748)…حضرت سیِّدُنا سفیان ثوری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِینے فرمایا: منقول ہے کہ لوگوں پر ایک زمانہ ایسا آئے گا جس میں دل مردہ اور جسم زندہ ہوں گے ۔ 
(9749)…حضرت سیِّدُنا سفیان ثوری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِیفرماتے ہیں:  کہا جاتا ہے کہ خاموشی عالم کے لئے زینت اور جاہل کے لئے پردہ ہے ۔ 
(9750)…حضرت سیِّدُنا سفیان ثوری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے فرمایا:  اللہ عَزَّ  وَجَلَّ نے دنیا میں سے کچھ دور کرکے جو نعمت مجھ پر فرمائی وہ اُس نعمت سے افضل ہے جو اُس نے مجھے کچھ دے کرفرمائی ۔ 
عقل کی نیند وبیداری: 
(9751)…حضرت سیِّدُنا سفیان ثوری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے فرمایا: منقول ہے کہ خاموشی عقل کی نیند اور گفتگو اس کی بیداری ہے اورکوئی نیندبیداری کے بغیر اور کوئی بیداری نیند کے بغیر نہیں ہوسکتی ۔ 
(9752)…حضرت سیِّدُنا حفص بن غیاث رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ فرماتے ہیں:  ہمیں حضرت سیِّدُنا سفیان ثوری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی کی مجلس میں دنیا سے دوری پر صبر آجاتا تھا۔ 
(9753)…حضرت سیِّدُنا علی بن قادم رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ سے مروی ہے کہ حضرت سیِّدُنا سفیان ثوری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے فرمایا:  اے لوگو!اللہ عَزَّ  وَجَلَّ سے ڈرو کیونکہ دنیا کچھ ہی وقت کی ہے اور عقلمند بھی پکڑا جاتا ہے ۔ 
(9754)…حضرت سیِّدُناسفیان ثوریعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِینے حضرت سیِّدُناعلی بن حسن سُلَمِیعَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْوَ لِی کو نصیحت کرتے ہوئے فرمایا:  ہر جگہ سچ بولو ، جھوٹ اور خیانت  سے بچواور جھوٹوں اورخائنوں کی صحبت سے دور رہو کیونکہ یہ سب گناہ کے کام ہیں۔ 
	اے میرے بھائی!قول و فعل میں ریا کاری سے بچو کیونکہ یہ حقیقت میں شرک (خفی)ہے ۔ خودپسندی  سے بچو کیونکہ جس نیک عمل میں خود پسندی شامل ہووہ  قبول نہیں ہوتا۔ اپنا دین اسی سے سیکھوجو اپنے دین کی فکر کرتا ہو کیونکہ اپنے دین کی فکر نہ کرنے والے کی مثال اس طبیب جیسی ہے جسے کوئی بیماری ہواور وہ  اپنا علاج  کرسکے نہ اپنے آپ سے ہمدردی  کرسکے توپھر وہ لوگوں کے مرض کا علاج اوراُن سے ہمدردی کیونکر کرسکے  گا؟