چوری چھپے کی نگاہ:
(9725)…حضرت سیِّدُنامحمد بن یزید بن خُنَیْس رَحْمَۃُ اللہِ تَعَالٰی عَلَیْہ کہتے ہیں کہ حضرت سیِّدُنا سفیان ثوری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے اللہ عَزَّ وَجَلَّ کے فرمان:
یَعْلَمُ خَآىٕنَةَ الْاَعْیُنِ وَ مَا تُخْفِی الصُّدُوْرُ(۱۹) (پ۲۴، المؤمن: ۱۹) ترجمۂ کنز الایمان: اللہ جانتا ہے چوری چھپے کی نگاہ اور جو کچھ سینوں میں چھپا ہے ۔
کے تحت فرمایا: کوئی شخص لوگوں کے درمیان بیٹھا ہو اور وہاں سے کوئی عورت گزر ے تو وہ اُسے چوری چھپے دیکھتا ہے یوں کہ اگر لوگ اُسے عورت کو دیکھتا دیکھیں تو وہ نہیں دیکھتا اور اگر لوگ اُسے نہ دیکھیں تو وہ دیکھتا ہے ، یہ ہے چوری چھپے کی نگاہ۔ اور ” سینوں میں چھپے “ سے مراد وہ شہوت ہے جو وہ اپنے دل میں پائے ۔
(9726)…حضرت سیِّدُنا سفیان ثوری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے اِس آیتِ طیبہ:
سُنَّةَ مَنْ قَدْ اَرْسَلْنَا قَبْلَكَ مِنْ رُّسُلِنَا (پ۱۵، بنی اسرآئیل: ۷۷) ترجمۂ کنز الایمان: دستور ان کا جو ہم نے تم سے پہلے رسول بھیجے ۔
کی تفسیر میں فرمایاکہ اللہ عَزَّ وَجَلَّ ارشاد فرما رہا ہے : آپ سے پہلے ہمارے بھیجے ہوئے رسولوں کو جس قوم نے بھی نکالا ہم نے اپنے دستور کے مطابق انہیں ہلاک کر دیا۔
(9727)…حضرت سیِّدُنا سفیان ثوری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی اِ س فرمانِ والا تبار:
یَغْفِرُ لِمَنْ یَّشَآءُ وَ یُعَذِّبُ مَنْ یَّشَآءُؕ- (پ۴، اٰل عمرٰن: ۱۲۹) ترجمۂ کنزالایمان: جسے چاہے بخشے اورجسے چاہے عذاب کرے ۔
کی تفسیر میں فرماتے ہیں : یعنیاللہ عَزَّ وَجَلَّ جس کے لئے چاہے بڑا گناہ معاف فرما دے اور جس کے لئے چاہے چھوٹے گناہ پر عذاب دے ۔
بُرد باری سے کینے کا علاج:
(9728)…حضرت سیِّدُنا سفیان ثوری عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللہِ الْقَوِی نے فرمایا: زیادہ کھانے سے بچو کہ یہ دل کو سخت کرتا ہے ، کینہ کوبُردباری سے دبا دو اور زیادہ نہ ہنسو کہ یہ دلوں کوناگوار گزرتا ہے ۔