Brailvi Books

احادیث مبارکہ کے اَنوار
30 - 71
 (9)زبان کی حفاظت
عَنْ سَہْلِ بْنِ سَعْدٍ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ قَالَ مَنْ یَضْمِنْ لِیْ مَا بَیْنَ لَحْیَیْہِ وَمَا بَیْنَ رِجْلَیْہِ أَضْمِنْ لَہُ الْجَنَّۃَ۔
 (مشکوٰۃ المصابیح ، کتاب الاداب ،باب حفظ اللسان ۔۔۔۔۔۔الخ، الفصل الاول ، الحدیث ۴۸۱۲، ج۲ ، ص ۱۸۹)
ترجمہ:

     روایت ہے حضرت سہل بن سعد سے فرماتے ہیں فرمایا ،رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ عليہ وآلہٖ وسلم نے کہ جو کوئی مجھے اپنے دو جبڑوں اور دو پاؤں کے درمیان کی چیز کی ضمانت دے میں اس کے لئے جنت کا ضامن ہوں ۔         

وضاحت :

     دوجبڑوں کے درمیان کی چیز زبان وتالو وغیرہ ہے اور دو پاؤں کے بیچ کی چیز شرمگاہ ہے یعنی اپنی زبان کو جھوٹ، غیبت ناجائز باتیں کرنے سے بچائے اپنے منہ کو حرام غذا سے محفوظ رکھے، اپنی شرمگاہ کو زنا کے قریب نہ جانے دے ظاہر بات ہے ایسا مسلمان مومن متقی ہوگا ۔ خیال رہے کہ قریبا اسّی فیصدی گناہ زبان سے ہوتے ہیں جو اپنی زبان کی پابندی کرے وہ چوری ڈکیتی قتل بھی نہیں کرتا انسان جرم جبھی کرتاہے جبکہ جھوٹ بولنے پر آمادہ ہوجاوے کہ اگر پکڑا گیا تو میں انکار کردوں گا جھوٹ تمام گناہوں کی جڑ ہے۔ خیال رہے کہ حضور صلی اللہ تعالیٰ عليہ وآلہٖ وسلم کی یہ ضمانت تا قیامت انسانوں کیلئے ہے اور حضور( صلی اللہ تعالیٰ عليہ وآلہٖ وسلم) کی ضمانت خدا( عزوجل )کی ضمانت ہے ۔ (مراۃ المناجیح،ج۶،ص۴۴۷)
Flag Counter