(۳۲)تم اپنی مجلس کو مجھ پر درود پڑھ کر مزین کرو کیونکہ تمہارا مجھ پر درود پڑھنا تمہارے لئے قیامت کے دن نور ہوگا۔
(فردوس الاخبار، الحدیث:۳۱۴۹، ج۱، ص۴۲۲)
(۳۳)بدترین مجلس راستے کے بازار ہیں اور بہترین مجلس مساجد ہیں پس اگر تو مسجد میں نہ بیٹھے تو اپنے گھر کو لازم کر۔
(کنزالعمال،کتاب الصحبۃ، قسم الاقوال،حق المجالس والجلوس،الحدیث۲۵۴۱۱،ج۹،ص۶۰)
(۳۴)لوگ کسی مجلس میں بیٹھتے ہیں جس میں رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم پر درود نہیں پڑھتے تو وہ ان پر حسرت کا باعث ہوگی اگرچہ جنت میں داخل ہوجائیں (درودنہ پڑھنے پر حسرت ہوگی) جس وقت وہ (درود پڑھنے کی) جزا دیکھیں گے۔
(شعب الایمان،باب فی تعظیم النبی واجلالہ وتوقیرہ،الحدیث۱۵۷۱،ج۲،ص۲۱۵)
(۳۵) مجلسیں تین ہیں۔(۱) غانِم (۲) سالمِ (۳) شاجب
غانِم و ہ مجلس ہے جس میں اللہ تعالیٰ کا ذکر ہو اور سالم وہ مجلس ہے جس میں خاموشی ہو۔(یعنی بے ہودہ اور خلافِ شرع بات نہ ہو) اور شاجب وہ مجلس ہے جس میں باطل بحثیں ہوں۔
(کنزالعمال،کتاب الصحبۃ، قسم الاقوال،حق المجالس والجلوس،الحدیث۲۵۴۴۶،ج۹،ص۶۳)