Brailvi Books

اچھے ماحول کی برکتیں
36 - 50
    آج کل بعض لوگ لطیفوں کی کیسٹیں اپنے گھروں، دوکانوں اور بازاروں میں بڑے شوق سے بجاتے اور سنتے سناتے ہیں، جب کہ ان میں بعض لطیفے دوسری قباحتوں کے علاوہ کفریہ ہوتے ہیں جن کو سُن کر قہقہے اور ٹھٹھے بلند ہوتے ہیں۔ غیرتِ ایمانی کہاں روپوش ہوگئی کیسٹ بجانے والا مسلمان ہے اور سننے والا یا والے بھی اسلام کے دعویدار ہیں مگر جو کچھ سنا جارہا ہے ، وہ سراسر اسلام کے خلاف ہے۔

    حالانکہ ایک مسلمان کی شان یہ ہونی چاہیے کہ وہ اسلام کے خلاف بلند ہونے والی ہر آواز کو معدوم کردے اور اگر اس کی استطاعت نہیں تو زبانی طور پر روکنے کی کوشش اور جدوجہد کرے اور اگر اس پر بھی قدرت نہیں تو ایسے ناپاک اور مردار ماحول سے کلی طور پر اجتناب اور اعراض کرے مگر افسوس صد افسوس بجائے اس کے کہ مسلمان غیر اسلامی آواز و حرکات و سکنات کو معدوم کرتا خود اس کو بلند کیے ہوئے ہے۔

    للہ! ایمان کی حفاظت کیجئے ہر بُرے ماحول سے اجتناب کرکے اچھے ماحول سے وابستہ ہوجائیے کہ یہ ایمان کی حفاظت کا بہترین ذریعہ اور دنیاو آخرت کا سرمایہ ہے۔    

    دعوتِ اسلامی وہ نیک اور پاکیزہ ماحول ہے کہ جو بھی اخلاص کے ساتھ اس کے دامن میں آتا ہے یہ اسے دامن مصطفے صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم سے وابستہ کردیتا ہے، دعوتِ اسلامی کے ماحول میں آنے سے گناہوں سے نفرت اور نیکیوں سے محبت اور آخرت کی فکر دامن گیر ہوجاتی ہے باری تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں ایسے ہی ماحول سے وابستہ و پیوستہ کردے۔(آمین)