Brailvi Books

اچھے ماحول کی برکتیں
15 - 50
ماحول کو مخلصانہ طور پر وسیع کرنا دونوں جہاں کی کامیابی و کامرانی ہے اس کے برعکس نیکیوں کے ماحول سے الگ تھلگ ہوجانا خسارے کا سبب ہے، عقلمند کے لئے اتنا ہی اشارہ کافی ہے کہ جب تک پتّا درخت سے تعلق قائم رکھتا ہے سرسبز و شاداب رہتا ہے جونہی پتادرخت سے تعلق ختم کرتا ہے تو درخت کے ماحول سے دور ہوجاتا ہے پھر اس کی تمام سرسبزی و شادابی دور ہوجاتی ہے بلکہ پاؤں کے نیچے روندا جاتا ہے۔

    اللہ تبارک و تعالیٰ کی بارگاہ بے کس پناہ میں عرض ہے کہ وہ اپنے محبوب، نبی کریم صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کے وسیلہ جلیلہ سے تمام مسلمانوں کو دعوتِ اسلامی کے پاکیزہ ماحول سے مخلصانہ طور پر وابستہ ہونے کی اور اسے وسیع سے وسیع تر کرنے کے لئے بھرپور سعی کرنے کی توفیق ِرفیق عطا فرمائے۔
آمین یارب العلمین بجاہ سید المرسلین وصلی اللہ تعالٰی علٰی خیرخلقہ محمد وعلٰی اٰلہ وصحبہ اجمعین۔
اچھے ماحول سے وابستہ ہونا باعثِ منفعت اور عین سعادت ہے
    پیارے اسلامی بھائیو! کیا آپ نے نہیں دیکھا، مکھی دو طرح کی ہے ایک وہ جسے ہم شہد کی مکھی کے نام سے موسوم کرتے ہیں یہ مکھی اچھے ماحول کو اپناتی ہے، ہر عقل سلیم رکھنے والا شخص جانتا ہے کہ شہد کی مکھیاں چمنستان میں پھولوں کے ساتھ قرب حاصل کرتی ہیں اور انکے پھولوں کے ماحول سے وابستہ ہونے ہی کے نتیجے میں شہد پیدا ہوتا ہے جس کے منافع بے شمار ہیں، ارشادِ باری تعالیٰ ہے۔
یَخْرُجُ مِنۡۢ بُطُوۡنِہَا شَرَابٌ مُّخْتَلِفٌ اَلْوَانُہٗ فِیۡہِ شِفَآءٌ لِّلنَّاسِ ؕ
ترجمہ کنزالایمان :اس کے پیٹ سے ایک پینے کی چیز رنگ برنگ نکلتی ہے جس میں لوگوں کی تندرستی ہے۔(پ 14،النحل :69)
Flag Counter