میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!
گناہوں سے بچنے اور نیک بننے کے لئے تبلیغ ِ قرآن وسنت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ ہوجائیے۔اِن شآء اللہ عزوجل ! مدنی ماحول کی برکت سے اعلیٰ اخلاقی اوصاف غیرمحسوس طور پر آپ کے کردار کا حصہ بنتے چلے جائیں گے ۔ اپنے شہر میں ہونے والے دعوتِ اسلامی کے ہفتہ وارسنتوں بھرے اجتماع میں شرکت اور راہِ خدا عزوجل میں سفر کرنے والے عاشقان ِ رسول کے مدنی قافلوں میں سفر کیجئے ۔ اِن مدنی قافلوں میں سفر کی برکت سے اپنے سابقہ طرزِزندگی پر غوروفکر کا موقع ملے گا اور دل حُسن ِ عاقبت کے لئے بے چین ہوجائے گا جس کے نتیجے میں ارتکاب ِ گناہ کی کثرت پر ندامت محسوس ہوگی اور توبہ کی توفیق ملے گی۔ عاشقان ِ رسول کے مدنی قافلوں میں مسلسل سفر کرنے کے نتیجے میں زبان پر فحش کلامی اور فضول گوئی کی جگہ دُرُود ِ پاک جاری ہوجائے گا ، یہ تلاوت قرآن ، حمد ِ الٰہی اور نعتِ رسول صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی عادی بن جائے گی ، غصیلہ پن رخصت ہوجائے گا اور اس کی جگہ نرمی لے لے گی ، بے صبری کی عادت ترک کرکے صابروشاکر رہنا نصیب ہوگا ،بدگمانی کی عادتِ بد نکل جائے گی اور حسنِ ظن کی عادت بنے گی ، تکبر سے جان چھوٹ جائے گی اوراِحترامِ مسلم کا جذبہ ملے گا،دنیاوی مال ودولت کی لالچ سے پیچھا چھوٹے گا اور نیکیوں کی حرص ملے گی ،الغرض بار بار راہِ خدا عزوجل میں سفر کرنے والے کی زندگی میں مدنی انقلاب برپا ہوجائے گا۔