Brailvi Books

آئینہ عبرت
109 - 133
(۷)قبرمیں عذاب کس کس طرح ہوگا؟
    عذابِ قبر حق ہے، جو قرآن مجید اور صحیح حدیثوں سے ثابت ہے۔ لہذا اس پر ایمان رکھنا ضروری ہے۔ عذابِ قبر کیونکر اور کس کس طرح ہوتا ہے اس بارے میں چند حدیثیں پڑھ لیجئے۔
حدیث :۱
    حضرت زید بن حارث رضی اللہ تعالیٰ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ عزوجل وصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم ایک خچر پر سوار ہو کر بنی نجار کے باغ میں گزرے اور ہم لوگ ہمراہ تھے تو ناگہاں خچر اس طرح بدک گیا کہ حضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم کو گرا دینے کے قریب ہوگیا، اچانک وہاں چھ یا پانچ قبریں نظر آئیں تو حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے پوچھا کہ ان قبر والوں کو کوئی جانتا ہے؟ تو ایک صحابی رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے کہا کہ جی ہاں مجھے معلوم ہے یہ ان  مشرکین کی قبریں ہیں جوشرک کی حالت میں مرگئے ہیں تو حضورصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم نے فرمایاکہ ان قبر والوں کی جماعت اپنی قبروں کے اندر عذاب میں مبتلا ہے اگر مجھے یہ خوف نہ ہوتا کہ تم لوگ مردوں کو دفن کرنا چھوڑ دو گے تو میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا کہ تم لوگوں کو وہ عذاب سنادے جو میں سن رہا ہوں۔ پھر حضور صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہ وسلم ہم لوگوں کی طرف اپنا چہرہ انور کرکے متوجہ ہوئے اور فرمایا کہ سب لوگ جہنم کے عذاب سے پناہ مانگو ، تو ہم لوگوں نے کہا کہ ہم جہنم سے خدا عزوجل کی پناہ طلب کرتے ہیں۔ پھر فرمایا کہ تم سب لوگ قبر کے عذاب سے پناہ مانگو تو سب نے کہا کہ ہم عذاب قبر سے خداعزوجل کی پناہ طلب کرتے ہیں ۔پھر فرمایا کہ تم سب لوگ ظاہری و باطنی فتنوں سے پناہ مانگو تو سب نے کہا کہ ہم ظاہری اور باطنی فتنوں سے خدا عزوجل کی پناہ مانگتے ہیں۔
Flag Counter