سرکارِ مدینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا ایک عظیم مُعجِزہ مُلا حَظہ فرمایئے جس کی بَرَکت سے پانچ خوش نصیب صَحابِیّات رضی اللہ تعالیٰ عَنْھُنّ کے مُنہ ہمیشہ کیلئے خوشبو دار ہوگئے ۔چُنانچِہ حضرتِ سَیِّدَتنا عُمیرہ بنتِ مسعود انصاریہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا فرماتی ہیں کہ ہم پانچ بہنیں حُضُورِ اکرم، نُورِ مُجَسَّم، شاہِ بنی آدم،رسولِ مُحتَشَم صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خدمتِ معظّم میں بیعت کرنے کیلئے حاضِر ہوئیں۔ آپ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اُس وقت قَدِید(خشک کیاہوا گوشت)تناوُل فرما رہے تھے۔ آپ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے ایک پارہ قَدِید(یعنی قدید کا ٹکڑا)چبا کر نَرم کرکے ہم کو عطا فرمایا تو ہم میں سے ہر ایک نے تھوڑا تھوڑا کر کے کھا لیا (اس کی بَرَکت سے )مرتے دم تک ہمارے مونھوں سے ہمیشہ خوشبو ہی آئی۔