دعوتِ اسلامی کے مَدَنی قافِلوں میں سفر کی بَرَکت سے کئی مسائل حل ہو جاتے ہیں اور مُتَعدَّد اَمراض کاعلاج ہو جاتا ہے چُنانچِہ ایک اسلامی بھائی کا کچھ اس طرح بیان ہے کہ ہمارا 12 دن کا مَدَنی قافِلہ بلوچستان سے واپَسی پر کسی اسٹیشن پر اُترا، قافِلے والے انفِرادی کوشِش میں مشغول ہوئے، اِس دوران وہاں ایک اسلامی بھائی سے ملاقات ہوئی،وہ مَدَنی قافلوں کی بَرَکتیں لوٹنے کا اپناذاتی تجربہ بیان کرتے ہوئے فرمانے لگے،میں گُردے کی پتھری کے سبب سخت اَذِیَّت میں تھا، ڈاکٹر نے آپریشن کا کہا تھا، دریں اَثنا ایک اسلامی بھائی نے مجھ پر انفِرادی کوشِش کرتے ہوئے دلاسہ دیاکہ گھبرایئے نہیں مَدَنی قافِلے میں سفر کر لیجئے، سفر میں دُعاء قَبول ہوتی ہے۔ اللہ عَزَّوَجَلَّ آپ کا مسئلہ حل فرما دے گا۔ ان کے مَحَبّت بھرے انداز نے دل جیت لیا اور میں تین دن کے مَدَنی قافِلے کا مسافِر بن گیا۔