| آدابِ طعام |
فرمانِ مصطَفےٰ :(صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم)تم جہاں بھی ہو مجھ پر دُرُود پڑھوکہ تمہارا دُرُود مجھ تک پہنچتا ہے ۔
انگلیاں چاٹنے کی ترتیب
حضرت سیِّدُناکعب بن عُجْرہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ فرماتے ہیں کہ میں نے سر ورِکائنات، شاہِ موجودات صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو انگوٹھا، شہادت والی اور درمِیانی انگلی ملا کر تین اُنگلیوں سے کھاتے دیکھا ۔پھر میں نے دیکھا کہ سرکار مدینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم نے انہیں پُونچھنے سے پہلے چاٹ لیا سب سے پہلے درمیانی پھر شہادت والی اور پھر انگوٹھا شریف چاٹا۔
(مجمع الزوائد ج۵ص۲۹حدیث ۷۹۴۱ )
اُنگلیاں تین مرتبہ چاٹنا سنّت ہے
ميٹھے ميٹھے اِسلامی بھائیو!اُنگلیاں تین تین بار چاٹنا سنّت ہے اگر تین بار کے باوُجُود انگلیوں پر غذا چپکی ہوئی نظر آئے تو زیادہ بار چاٹ لیجئے یہاں تک کہ غذا کاا ثر نظر نہ آئے ۔ شمائلِ ترمذی میں ہے، ''سلطانِ دوجہاں، شَہَنشاہِ کون و مکان صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم (کھانے کے بعد)اپنی انگلیاں تین تین مرتبہ چاٹتے تھے۔''
( شمائلِ ترمذی ص ۶۱حدیث ۱۳۸)
برتن چاٹنا سنت ہے
سردارِ مکّہ مکرّمہ ،سلطانِ مدینہ منوّرہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کافرمانِ بَرَکت نشان ہے،''جو رِکابی اور اپنی اُنگلیوں کو چاٹ لیتا ہے اللہ عَزَّوَجَلَّ اُ س کو دُنیا وآخِرت ميں آسُودہ (سَیر)رکھتا ہے۔''
(طبرانی کبیر ج۱۸ص۲۶۱حدیث ۶۵۳ )