Brailvi Books

آدابِ مرشدِ کامل
99 - 269
 (9)بااَدَب مرید
اعلیٰحضرت علیہ الرحمۃ نے فرمایاکہ علی بن ہَیتی علیہ الرحمۃ جو غوثِ اعظم رضی اللہ عنہ کے خاص خلیفہ ہیں۔انہوں نے ایک بار حضورغوثِ پاک کی دعوت کی۔ علی بن ہیتی علیہ الرحمۃ کے ایک خاص مرید جن کا نام حضرت علی جوسقی رحمۃ اللہ علیہ تھا۔ وہ کھانا لے کر حاضر ہوئے ۔اب سوچنے لگے کہ روٹیاں کس کے سامنے پہلے پیش کروں ۔ اگر اپنے پیرو مرشِد کے سامنے پہلے پیش کرتا ہوں تو یہ حضور غوثِ اعظم رضی اللہ عنہ کی شان کے خلاف ہے اور اگر پہلے حضور غوثِ پاک رضی اللہ عنہ کے سامنے رکھتا ہوں ،تو اِرادَت تقاضا نہیں کرتی( کیونکہ غوثِ پاک رضی اللہ عنہ کی غلامی کی نسبت تو میں نے اپنے پیرو مرشِد علی بن ہیتی علیہ الرحمۃ کے ہاتھ پر مرید ہو کر پائی ہے۔)انہوں نے اس ترکیب سے روٹیاں گھمائیں کہ دونوں کی خدمت میں ایک ساتھ پہنچی۔ 

    حضور غوثِ پاک رضی اللہ عنہ نے علی بن ہیتی علیہ الرحمۃ سے ارشاد فرمایا۔ یہ تمہارا مرید( یعنی علی جوسقی رحمۃ اللہ علیہ ) بہت با اَدَب ہے۔ علی بن ہیتی علیہ الرحمۃ نے عرْض کی حضور یہ بہت ترقیاں کرچکا ہے اب آپ اس کو اپنی خدمت میں لے لیں۔ علی بن جوسقی رحمۃ اللہ علیہ یہ سنتے ہی ایک کونے میں گئے اور رونا شروع کردیا۔حضور غوثِ پاک رضی اللہ عنہ نے فرمایا اس کو اپنے پاس ہی رہنے دو۔ جس پستان سے ہلا ہوا ہے اسی سے دودھ پئے گا۔ پھر ارشاد فرمایا مرید اپنے تمام حَوائج(یعنی ضَروریات) میں اپنے پیرو مرشِد ہی کی طرف رُجوع کرے۔    (الملفوظ شریف حصہ سوم ص ۳۰۸۔ ۳۰۹)

اللہ عَزّوَجَلَّ کی ان پر رَحْمت ہو اور ان کے صدْقے ہماری مغفِرت ہو
صَلُّو اعَلَی الْحَبِيب     صلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلیٰ مُحَمَّد
Flag Counter