۲۵ رَجَبُ الْمُرَجَّب ۱۴۱۶ھ رات تقریباً پونے گیارہ بجے مرکز الاولیاء لاہور کے پونچھ روڈ کا مارکیٹ ایریا شدید فائرنگ کی تڑ تڑ سے گونج اٹھا ۔ ہر طرف خوف و ہراس پھیل گیا اور دھڑا دھڑ دکانیں بند ہونے لگیں۔ جب لوگوں کے حواس کچھ بحال ہوئے تو دیکھا !کہ ایک کار شعلوں کی لپیٹ میں ہے۔
دَرْاصْل تبلیغِ قرآن وسنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تَحریک دعوتِ اسلامی کی عام مقبولیت اور اسلام کی حقیقی شان و شوکت کا عُروج برداشت نہ کرتے ہوئے " کسی" کے اشارے پر دَہشت گردوں نے دنیائے اہلسنّت کے امیرشَیخِ طریقت ،امیرِ اَہلسنّت ،بانیِ دعوتِ اسلامی ابوبلال حضرتِ مولانا محمد الیاس عطّار قادِری رَضَوی دامت برکاتہم العالیہ کی جان لینے کی ناکام کوشش کی تھی۔ مگر ''جسے خدا رکھے اسے کون چکھے'' کے مصداق دشمن کا منصوبہ خاک میں مل گیا اور اللہ عَزَّوَجَلَّ نے سنتوں کی مزید خدمت لینے کے لئے اپنے پیارے حبیب کے عاشق کو آنچ نہ آنے دی۔