| آدابِ مرشدِ کامل |
اعلٰی حضرت رضی اللہ عنہ کے عطا کردہ شَجَرَہ شریف پڑھنے کے فوائد پر ''شَجَرَہ'' کے چار حُروف کی نسبت سے 4 مَدَ نی پھول
پہلا مَدَنی پھول رسولُ اللہ صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم تک، اپنے اتّصال(یعنی سلسلے کے ملنے) کی سَنَد کا حفظ ،(یقینًا سعادت) ۔ یعنی مرید کو جب یہ یاد رہے گا، کہ میں نے جس مرشِد کامل کے ہاتھ میں ہاتھ دیا ہے ، ان کا سلسلہ اِن مشائخِ عُظام سے ہوتا ہوا نبیِ کریم رؤف الرحیم صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم تک پہنچتا ہے، تو اس کے دل میں'' اپنے مشائخ'' کی مَحبت مزید جاں گزیں ہوگی۔ کیونکہ اپنے پیر و مرشِد اور سلسلے کے مشائخ کرام رحمہم اللہ کی مَحبت ہی کامیابی کی اصل ہے۔
مرشدِ کامل سے مَحبت کا صَدَقہ
اعلٰحضرت امام احمد رضا خان علیہ رحمۃ الرحمٰن فرماتے ہیں!کہ میرے والدِ بُزُرگوار، ( مولانا نقی علی خان علیہ الرحمۃ) کے شاگرد، بَرَکات اَحمد صاحب (رحمۃ اللہ علیہ) میرے پیر بھائی بھی تھے۔ اور حضرت پیرومرشِد (سَیِّدی آل رسول علیہ الرحمۃ) پر مرمٹنے والے تھے۔ایسا کم ہی ہوا ہوگا، کہ وہ اپنے پیرو مرشِد (سَیِّدی آلِ رسول علیہ الرحمۃ) کا نام مبارک لیتے ہوں، اور ان کی آنکھوں سے آنسوں نہ بہیں ۔( پیر و مرشِد سے ایسی مَحبت کا ایسا صدقہ ملا ) کہ جب ان کا انتقال ہوا، اور میں دفن کے وقت ان کی قبر میں اترا تو اَلْحَمْدُ للہ عَزَّوَجَلَّ مجھے بلا مبالغہ وہاں وہ خوشبو مَحسوس ہوئی، جو پہلی بار روضہ رسول صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم کے قریب پائی تھی۔