Brailvi Books

آدابِ مرشدِ کامل
120 - 269
کہ ان کی بصیر تیں منور ہوگئیں۔ ان کے قُلوب سے حکْمتوں کے چشمے پھوٹ پڑے اور ان کے اَطراف پَر،اَسرارِ ربّانی کا فیضان ہوا۔
بہتر ین ادوار
یہی حال تابعین اور تبع تابعین علیھم الرضوان کاتھا۔ اور یہی " قرون ثلاثہ " اسلام کے بہترین " اَدوار" تھے۔ جیسا کہ سرکارِ مدینہ ، راحتِ قلب و سینہ صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم نے ارشاد فرمایا! " اَدوار" میں بہترین میرازمانہ ہے۔ پھر وہ جو اس کے قریب ہے ، پھر وہ جو اِن سے قریب ہے۔ (بخاری و مسلم)
علم تَصَوُّف کی ضَرورت
جب یہ عمدہ ترین " اَدوار" گزر گئے تو حضور صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم کے زمانے سے دور ہونے کے ساتھ ساتھ، روحانیت بھی کمزور ہونے لگی ۔ اور لوگ اللہ عَزَّوَجَلَّ کی بندگی سے غافل ہونے لگے ۔ تو اربابِ ریاضت و زہد نے،دعوت الی الحق اور توجہ الی اللہ کے لئے علم تَصَوُّف کی تدوین کی۔

معلوم ہوا! " تَصَوُّف وطریقت " کوئی نئی اصطلاح نہیں ، بلکہ یہ سیرت رسول صلّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم اور حیات صحابہ علیھم الرضوان سے ماخوذ ہے۔ اور تَصَوُّف وطریقت کی اَساس، اِس "امّت "کے سَلَف و صالحین علیھم الرَحمۃ جلیل القدر صحابہ، تابعین ، تبع تابعین علیھم الرضوان کے طریقے پر ہے۔ اور یہ طریقہ عین اسلام سے عملی مطابِقت کا ہی نام ہے۔

شَیخ اَحمد زروق علیہ الرحمۃ فرماتے ہیں!جس طرح عُلَماء ظاہر نے حدودِ شرِیعہ کی حفاظت کی ہے، اسی طرح عُلَماءِ تَصَوُّف نے شرِیْعَت کی روح اور آداب کی حفاظت کی ہے۔( فوائد التَصَوُّف، ۲۹۵)
Flag Counter