حضرت بایزید بِسطامی علیہ الرحمۃ ایک مدت تک حضرت امام جعفر صادق رضی اللہ عنہ کی خدمت میں رہے ۔آپ علیہ الرحمۃکو حضرت امام ِجعفر صادق رضی اللہ عنہ سے اکتسابِ فیض میں اس قدر محویّت تھی کہ کبھی ایک لمحہ کیلئے بھی دوسری طرف توجہ نہ کی ۔ ایک دن حضرت امامِ جعفر صادق رضی اللہ عنہ نے فرمایا۔با یزید(علیہ الرحمۃ) ذرا طاق سے کتاب اٹھالاؤ۔آپ علیہ الرحمۃ نے عرْض کی حضور طاق کہاں ہے ؟حضرت امام جعفر رضی اللہ عنہ نے فرمایا، تمہیں یہاں رہتے ہوئے اتنا عرصہ گزر گیا۔ ابھی تک طاق کا بھی معلوم نہیں۔ آپ نے عرْض کی، حضور ! مجھے تو آپکی زیارت اور صحبت با بَرَکت ہی سے فرصت نہیں، طاق کا خیال کیسے رکھوں ۔ حضرت امام جعفر رضی اللہ عنہ یہ سن کر بہت مسرور ہوئے اور فرمایا اگر تمہارا یہ حال ہے تو بسطام چلے جاؤ۔ تمہارا کام پورا ہوچکا ہے۔ (شان ِاَولیاء ، حضرت بایز ید بسطامی رحمۃ اللہ علیہ ، ص ۷۳)