Brailvi Books

حِلْیَۃُ الْاَوْلِیَاء وَطَبَقَاتُ الْاَصْفِیَاء(جلد:2)ترجمہ بنام اللہ والوں کی باتیں
60 - 603
حضرتِ سیِّدُنا معاویہ بن حَکَم سُلَمی رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ
	حضرتِ سیِّدُنا معاویہ بن حکم سلمی رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ بھی اہلِ صفہ میں سے ہیں۔
سرکار صَلَّی اللّٰہُ عَلَـیْہِ وَسَلَّم کے مہمان:
(1420)…حضرتِ سیِّدُنا معاویہ بن حکم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ فرماتے ہیں: ہم رسول کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے ہمراہ صفہ میں بیٹھے تھے کہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم مہاجرین میں سے کسی انصاری کے ہمراہ ایک کو، کسی کے ساتھ دو کو اور کسی کے ساتھ تین آدمیوں کو بھیج رہے تھے حتی کہ آخر میں ہم چار افراد بچے اور پانچو یں خود رَسُوْلُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمتھے۔ ارشاد فرمایا: ’’تم میرے ساتھ چلو۔‘‘ چنانچہ، جب ہم درِدولت پر حاضر ہوئے تو آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ام المؤمنین حضرت سیِّدَتُنا عائشہ صدیقہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا سے ارشاد فرمایا: ’’اے عائشہ! ہمیں رات کا کھانا کھلاؤ۔‘‘ چنانچہ، انہوں نے جَشِیْشَہ (۱) حاضر کردیا۔ ہم نے کھا لیا، پھر ارشاد فرمایا: ’’اے عائشہ! ہمیں کچھ کھلاؤ۔‘‘ آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا حَیْسَہ (۲) لے کر حاضر ہوئیں۔ ہم نے کھالیا، پھر ارشاد فرمایا: ’’اے عائشہ! ہمیں کچھ پلاؤ۔‘‘ آپ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہَا دووھ سے بھرا ہوا برتن لے کر حاضر ہوئیں۔ہم نے دو دھ نوش کیا۔ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے پھر ارشاد فرمایا: ’’اے عائشہ! ہمیں کچھ اور پلاؤ۔‘‘ چنانچہ، پانی کا بھرا ایک بڑا پیالہ لے کر حاضر ہوئیں۔ ہم نے خوب سیر ہوکر پیا۔ پھر آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم نے ارشاد فرمایا: ’’تم میں سے جو مسجد جانا چاہے وہ چلا جائے اور جو یہاں رات گزارنا چاہے وہ یہاں رہ لے۔‘‘ ہم نے عرض کی: ’’ہم مسجد جائیں گے۔‘‘ حضرتِ سیِّدُنا معاویہ بن حکم رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہ بیان کرتے ہیں: میں (مسجد میں) پیٹ کے بل سو رہا تھا کہ اچانک رات کے آخری حصہ میں کسی نے مجھے پاؤں سے ٹھوکر ماری میں نے سر اٹھا کر دیکھا تو وہ رَسُوْلُ اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم تھے۔ آپ نے ارشاد فرمایا: ’’اٹھو! (اس طرح مت لیٹو) کہ اس طرح لیٹنے کو اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ ناپسند فرماتا ہے۔‘‘  (۳)
مـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــدینـــہ
1…جَشِیْشَہ: گیہوپیس کر آٹا ہانڈی میں ڈال کر اوپر سے گوشت یا کھجوریں ڈال کر پکانے سے جو کھانا تیار ہو اسے جشیشہ کہتے ہیں۔
2…حَیْسَہ: کھجور، پنیر (یا ستو) اور گھی سے تیار کیا ہوا کھانا۔
3…السنن الکبری للنسائی، کتاب الولیمۃ، باب خدمۃ النسائ، الحدیث:۶۶۲۰، ج۴، ص۱۴۵، باختصار۔
	المعجم الکبیر، الحدیث:۸۲۲۷، ج۸، ص۳۲۸، بتغیرقلیل، عن طخفۃ بن قیس۔