Brailvi Books

صراط الجنان جلد نہم
324 - 764
اُن پر ظاہر ہوچکی تھی وہ ہرگز اللہ کو کچھ نقصان نہ پہنچائیں  گے اور بہت جلد اللہ ان کا کیا دھرا اَکارت کردے گا۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: بیشک جنہوں  نے کفرکیا اور اللہ کی راہ سے روکا اور رسول کی مخالفت کی اس کے بعدکہ ان کیلئے ہدایت بالکل ظاہر ہوچکی تھی وہ ہرگز اللہ کو کچھ نقصان نہیں  پہنچا سکیں  گے اور بہت جلد اللہ ان کے اعمال برباد کردے گا۔
{اِنَّ الَّذِیْنَ كَفَرُوْا وَ صَدُّوْا عَنْ سَبِیْلِ اللّٰهِ: بیشک جنہوں  نے کفرکیا اور اللہ کی راہ سے روکا ۔} بعض مفسّرین کے نزدیک اس آیت میں  منافقوں  کے بارے میں  ارشاد فرمایا گیا کہ بیشک وہ لوگ جنہوں  نے (ظاہری طور پر اسلام کا دعویٰ کیا اور باطنی طور پر) کفرکیا اور لوگوں  کو اللہ تعالیٰ کی راہ سے روکا اور رسولِ کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے جوجہاد کرنے کا کہا اور اس کے علاوہ جو احکام دئیے اس میں  ان کی مخالفت کی حالانکہ ان کے سامنے ہدایت کے دلائل اور نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی صداقت بالکل ظاہر ہوچکی تھی، وہ ہرگز اللہ تعالیٰ کو کچھ نقصان نہیں  پہنچا سکیں  گے کیونکہ اللہ تعالیٰ کی شان اس سے بہت بلند ہے کہ کوئی اسے نقصان پہنچا سکے بلکہ وہ لوگ ایسا کر کے اپنی ہی جانوں  کو نقصان پہنچا رہے ہیں  اور بہت جلد اللہ تعالیٰ ان کے ظاہری نیک اعمال برباد کردے گا تو وہ آخرت میں  ان اعمال کا کوئی ثواب نہ دیکھیں  گے کیونکہ وہ اللہ تعالیٰ کے لئے نہ کئے گئے تھے اور جو کام اللہ تعالیٰ کے لئے نہ ہو اس کا ثواب ہی کیا ؟
	بعض مفسّرین نے اس آیت کا شانِ نزول یہ بیان کیا ہے کہ جب کفارِ قریش جنگ ِبدر کے لئے نکلے تو وہ سال قحط کا تھا اور لشکر کا کھانا قریش کے دولت مند افراد نے ہرہر پڑاؤ پر اپنے ذمہ لے لیا تھا۔ مکۂ مکرمہ سے نکل کر سب سے پہلا کھانا ابوجہل کی طرف سے تھا جس کے لئے اس نے دس اونٹ ذبح کئے تھے ، پھر صَفْوان نے عُسْفان کے مقام میں  نواونٹ ، پھر سَہْل نے قُدَیْد کے مقام میں  دس اونٹ ذبح کئے ، یہاں  سے وہ لوگ سمندر کی طرف پھر گئے اور رستہ گُم ہوگیا تو ایک دن ٹھہرے رہے ،وہاں  شَیْبَہ کی طرف سے کھانا ہوا اور نو اونٹ ذبح ہوئے ، پھراَبْواء کے مقام میں  پہنچے ، وہاں  مِقْیَس جُمَحِی نے نو اونٹ ذبح کئے ۔ حضرت عباس کی طرف سے بھی دعوت ہوئی ، اس وقت تک آپ مشرف بہ اسلام نہ ہوئے تھے ، آپ کی طرف سے دس اونٹ ذبح کئے گئے ، پھر حارث کی طرف سے نو ، اور ابوالبَخْتَرِی کی طرف سے بدر کے چشمے پر دس اونٹ ذبح ہوئے ۔ ان کھانا دینے والوں  کے بارے میں  یہ آیت نازل ہوئی۔اس صورت میں  آیت کا معنی یہ ہو گا کہ بیشک وہ لوگ جنہوں  نے خود کفرکیا اور دوسروں  کو اللہ تعالیٰ کے دین اسلام میں  داخل ہونے سے