Brailvi Books

صراط الجنان جلد نہم
298 - 764
حضرت ابوسعید خدری رَضِیَ اللہ تَعَالٰی  عَنْہُ سے روایت ہے کہ رسولُ اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: مومنین دوزخ سے نجات پاجائیں  گے جنت اوردوزخ کے درمیان ایک پل ہے اس پران کوروک لیاجائے گا پھر دنیا میں  ان میں  سے بعض نے بعض پرجوزیادتی کی ہوگی اس کاان سے بدلہ لیاجائے گاحتّٰی کہ وہ بالکل پاک وصاف ہوجائیں  گے توپھران کوجنت میں  داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی پس اس ذات کی قسم جس کے قبضۂ قدرت میں  محمد صَلَّی اللہ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی جان ہے ان میں  سے ایک شخص جنت میں  اپنے ٹھکانے کودنیامیں  اپنے ٹھکانے کی بہ نسبت زیادہ پہچاننے والاہوگا۔( بخاری، کتاب الرقاق، باب القصاص یوم القیامۃ، ۴/۲۵۶، الحدیث: ۶۵۳۵)
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِنْ تَنْصُرُوا اللّٰهَ یَنْصُرْكُمْ وَ یُثَبِّتْ اَقْدَامَكُمْ(۷)
ترجمۂکنزالایمان: اے ایمان والو اگر تم دینِ خدا کی مدد کرو گے اللہ تمہاری مدد کرے گا اور تمہارے قدم جمادے گا۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اے ایمان والو! اگر تم اللہ کے دین کی مدد کرو گے تو اللہ تمہاری مدد کرے گا اور تمہیں  ثابت قدمی عطا فرمائے گا۔
{یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوْۤا اِنْ تَنْصُرُوا اللّٰهَ یَنْصُرْكُمْ: اے ایمان والو! اگر تم اللہ کے دین کی مدد کرو گے تو اللہ تمہاری مدد کرے گا۔} ارشاد فرمایا کہ اے ایمان والو!اگر تم اللہ تعالیٰ کے دین اور ا س کے پیارے رسول صَلَّی اللہ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَ اٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی مدد کرو گے تو اللہ تعالیٰ دشمنوں  کے مقابلے میں  تمہاری مدد کرے گا اورتمہیں  فتح وکامرانی نصیب فرمائے گا اور تمہیں  میدانِ جنگ میں  اور دینِ اسلام اورپُلِ صراط پر ثابت قدمی عطافرمائے گا۔( خازن، محمد، تحت الآیۃ: ۷، ۴/۱۳۵، مدارک، محمد، تحت الآیۃ: ۷، ص۱۱۳۴، ملتقطاً)
اللہ تعالیٰ کے دین کی مدد کرنے کی7 صورتیں :
	 اللہ تعالیٰ کے دین کی مدد کرنے کی بہت سی صورتیں  ہیں  ،ان میں  سے 7صورتیں  درج ذیل ہیں  ۔
(1)…اللہ تعالیٰ کے دین کو غالب کرنے کیلئے دین کے دشمنوں  کے ساتھ زبان،قلم اور تلوار سے جہاد کرنا۔