Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
63 - 695
ترجمۂکنزالایمان: عرض کی اے میرے رب مجھے کوئی نشانی دے دے فرمایا تیری نشانی یہ ہے کہ تو تین رات دن لوگوں سے کلام نہ کرے بھلا چنگا ہوکر ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: عرض کی: اے میرے رب! میرے لئے کوئی نشانی مقرر فرما دے۔ فرمایا: تیری نشانی یہ ہے کہ تم بالکل تندرست ہوتے ہوئے بھی تین رات دن لوگوں سے کلام نہ کرسکو گے۔
{قَالَ رَبِّ اجْعَلۡ لِّیۡۤ اٰیَۃً:عرض کی: اے میرے رب!میرے لئے کوئی نشانی مقرر فرمادے۔} حضرت زکریا عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کوجب یہ بتا دیا گیا کہ اسی عمر میں بیٹا عطا ہوگا تو آپ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام نے مزید عرض کی :اے میرے رب! عَزَّوَجَلَّ، میری بیوی کے حاملہ ہونے کی کوئی نشانی بتادی جائے تاکہ میں اس وقت سے تیری ا س عظیم نعمت کا شکرادا کرنے میں مشغول ہو جاؤں۔ اللّٰہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا کہ آپ کے لئے آپ کی زوجہ کے حاملہ ہونے کی نشانی یہ ہے کہ آپ صحیح سالم ہونے کے باوجود اور گونگا ہونے کے بغیرتین دن رات لوگوں سے کلام نہ کرسکیں گے۔ چنانچہ ایسا ہی ہوا کہ ان ایام میں آپ لوگوں سے کلام کرنے پر قادر نہ ہوئے ، البتہ جب اللّٰہ تعالیٰ کا ذکر کرنا چاہتے تو زبان کھل جاتی تھی۔(1)
حقیقی مُؤثِّر اللّٰہ تعالیٰ ہے:
	اس سے معلوم ہوا کہ آپ کو گُنگ کی بیماری نہ ہوگی کیونکہ انبیائِ کرامعَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اس بیماری سے محفوظ ہیں۔ نیز یہ نشانی بھی بڑی دلچسپ تھی کہ ذِکْرُاللّٰہ کریں تو بالکل آسانی سے ہوجائے اور لوگوں سے کلام فرمانا چاہیں تو نہ کرسکیں۔ اس سے یہ بھی معلوم ہوا کہ مُؤثِّرِ حقیقی اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ ہے اور بقیہ اَشیاء صرف اَسبابِ ظاہری ہیں ۔ اللّٰہ عَزَّوَجَلَّ چاہے تو آگ سے پیاس بجھے اور پانی سے آگ لگے ۔ آگ کا جلانا اور پانی کا پیاس بجھانا سب اللّٰہعَزَّوَجَلَّ کے کرنے سے ہے۔ 
فَخَرَجَ عَلٰی قَوْمِہٖ مِنَ الْمِحْرَابِ فَاَوْحٰۤی اِلَیۡہِمْ اَنۡ سَبِّحُوۡا بُکْرَۃً وَّ عَشِیًّا ﴿۱۱﴾
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…روح البیان، مریم، تحت الآیۃ: ۱۰، ۵/۳۱۷-۳۱۸، خازن، مریم، تحت الآیۃ: ۱۰، ۳/۲۳۰، ملتقطاً۔