Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
341 - 695
وَ نُوۡحًا اِذْ نَادٰی مِنۡ قَبْلُ فَاسْتَجَبْنَا لَہٗ فَنَجَّیۡنٰہُ وَ اَہۡلَہٗ مِنَ الْکَرْبِ الْعَظِیۡمِ ﴿ۚ۷۶﴾ وَ نَصَرْنٰہُ مِنَ الْقَوْمِ الَّذِیۡنَ کَذَّبُوۡا بِاٰیٰتِنَا ؕ اِنَّہُمْ کَانُوۡا قَوْمَ سَوْءٍ فَاَغْرَقْنٰہُمْ اَجْمَعِیۡنَ ﴿۷۷﴾
ترجمۂکنزالایمان: اور نوح کو جب اس سے پہلے اس نے ہمیں پکارا تو ہم نے اس کی دعا قبول کی اور اسے اور اس کے گھر والوں کو بڑی سختی سے نجات دی۔ اور ہم نے ان لوگوں پر اس کو مدد دی جنہوں نے ہماری آیتیں جھٹلائیں بیشک وہ برے لوگ تھے تو ہم نے ان سب کو ڈبو دیا۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور نوح کو (یاد کرو) جب اس سے پہلے اس نے ہمیں پکارا تو ہم نے اس کی دعا قبول کی اور اسے اور اس کے گھر والوں کو بڑے غم سے نجات دی۔ اور ہم نے ان لوگوں کے مقابلے میں اس کی مدد کی جنہوں نے ہماری آیتوں کی تکذیب کی ،بیشک وہ برے لوگ تھے تو ہم نے ان سب کو غرق کر دیا۔
{وَ نُوۡحًا اِذْ نَادٰی مِنۡ قَبْلُ:اورنوح کوجب پہلے اس نے ہمیں پکارا۔} یہ اس سورت میں بیان کئے گئے واقعات میں سے چوتھا واقعہ ہے ،چنانچہ اس آیت اور اس کے بعد والی آیت کا خلاصہ یہ ہے کہ اے حبیب! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ، آپ حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کویاد کریں جب انہوں نے حضرت ابراہیم اور حضرت لوط عَلَیْہِمَا الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام سے پہلے ہمیں پکارا اور ہم سے اپنی قوم پر عذاب نازل کرنے کی دعا کی تو ہم نے اس کی دعا قبول فرما لی اور اسے اور کشتی میں موجود اس کے گھر والوں کو طوفان سے اور سرکش لوگوں کے جھٹلانے سے نجات دی اور ہم نے ان لوگوں کے مقابلے میں اس کی مدد کی جنہوں نے ہماری ان آیتوں کی تکذیب کی جو حضرت نوح عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکی رسالت پر دلالت کرتی تھیں،بیشک وہ برے لوگ تھے، تو ہم نے ان سب کو غرق کر دیا کیونکہ جو قوم جھٹلانے پر قائم رہے اور شر، فساد میں ہی مشغول رہے تو اسے اللّٰہ تعالیٰ ہلاک کر دیتا ہے۔(1)
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…جلالین، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۷۶-۷۷، ص۲۷۵، روح البیان، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۷۶-۷۷، ۵/۵۰۳، ملتقطاً۔