ترجمۂکنزُالعِرفان: کیا انہوں نے اللّٰہ کے سوا اور معبود بنا رکھے ہیں؟تم فرماؤ: تم اپنی دلیل لاؤ۔ یہ قرآن میرے ساتھ والوں کا ذکرہے اور مجھ سے پہلوں کا تذکرہ ہے بلکہ اُن کے اکثر لوگ حق کو نہیں جانتے تو وہ منہ پھیرے ہوئے ہیں۔
{اَمِ اتَّخَذُوۡا مِنۡ دُوۡنِہٖۤ اٰلِہَۃً:کیا انہوں نے اللّٰہ کے سوا اور معبود بنا رکھے ہیں؟} اللّٰہ تعالیٰ نے کفار کو ڈانٹتے ہوئے اِستفہام کے انداز میں فرمایا کہ کیا انہوں نے اللّٰہ تعالیٰ کے سوا اور معبود بنا رکھے ہیں؟ اے حبیب !صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ،آپ ان مشرکین سے فرما دیں کہ تم اپنے اس باطل دعوے پر اپنی دلیل لاؤ اورحجت قائم کرو خواہ عقلی ہو یا نقلی، مگر تم نہ کوئی عقلی دلیل لا سکتے ہو جیسا کہ مذکورہ بالا دلائل سے ظاہر ہو چکا اور نہ کوئی نقلی دلیل پیش کر سکتے ہو ،کیونکہ تمام آسمانی کتابوں میں اللّٰہ تعالیٰ کی توحید کا بیان ہے اور سب میں شرک کوباطل قرار دیا گیا اور ا س کا رد کیا گیا ہے ۔(1)
{ہٰذَا ذِکْرُ مَنۡ مَّعِیَ:یہ قرآن میرے ساتھ والوں کا ذکرہے۔} ساتھ والوں سے مرادحضور پُر نورصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی امت ہے ، قرآنِ کریم میں اس کا ذکر ہے کہ اس کو طاعت پر کیا ثواب ملے گا اور معصیت پر کیا عذاب کیا جائے گا ۔پہلوں سے مراد یہ ہے کہ پہلے انبیاء ِکرام عَلَیْہِمُ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکی امتوں کا اور اس کا تذکرہ ہے کہ دنیا میں ان کے ساتھ کیا کیا گیا اور آخرت میں کیا کیا جائے گا۔حضرت عبداللّٰہ بن عباس رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمَافرماتے ہیں کہ ساتھ والوں کے ذکر سے مراد قرآنِ مجید ہے اور پہلوں کے ذکر سے مراد تورات اور انجیل ہے ،اور معنی یہ ہے کہ تم قرآن، تورات، انجیل اور تمام (آسمانی) کتابوں کی طرف رجوع کرو، کیا تم ان میں یہ بات پاتے ہو کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اولاد اختیار کی یا اس کے ساتھ کوئی اور معبود ہے؟(2)
{بَلْ اَکْثَرُہُمْ لَایَعْلَمُوۡنَ ۙ الْحَقَّ:بلکہ اُن کے اکثر لوگ حق کو نہیں جانتے ۔} اس کا خلاصہ یہ ہے کہ کفار کے عوام کا حال یہ کہ وہ حق کو جانتے نہیں اور بے شعوری و جہالت کی وجہ سے حق سے منہ پھیرے ہوئے ہیں اور ا س بات پرغور و فکر نہیں کرتے کہ توحید پر ایمان لانا ان کے لئے کتنا ضروری ہے جبکہ ان کے علماء جان بوجھ کر عناد کی وجہ سے حق کے منکر ہیں۔(3)
ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ ـ
1…خازن، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۲۴، ۳/۲۷۴، مدارک، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۲۴، ص۷۱۳، ملتقطاً۔
2…خازن، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۲۴، ۳/۲۷۵۔
3…مدارک، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۲۴، ص۷۱۳، روح البیان، الانبیاء، تحت الآیۃ: ۲۴، ۵/۴۶۶-۴۶۷، ملتقطاً۔