Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
163 - 695
(3) …حضرت عمر فاروق رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ اسلام قبول کرنے سے پہلے اسی سورت کی ابتدائی آیات پڑھ کر پکار اٹھے کہ یہ کس قدر حسین اور عظیم کلام ہے اور اس کے بعد آپ نے اسلام قبول کر لیا۔(1)
سورۂ طٰہٰ کے مضامین:
	اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں دین کے عقائد جیسے اللّٰہ تعالیٰ کی وحدانیت اور قدرت ، اس کے علاوہ نبوت، مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کیا جانے اور اعمال کی جزاء و سزا ملنے وغیرہ کو مختلف دلائل سے ثابت کیا گیا ہے اور اس سورت میں یہ چیزیں بیان کی گئی ہیں:
(1) …قرآنِ پاک ا س لئے نازل نہیں کیا گیا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے حبیب صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ مشقت میں پڑ جائیں بلکہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَکی ذمہ داری صرف قرآن پاک کے ذریعے نصیحت کرنا، اللّٰہ تعالیٰ کے احکام پہنچا دینا اور خود کو زیادہ مشقت میں ڈالے بغیر عبادت کرنا ہے۔
(2) …حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام اور فرعون کا واقعہ تفصیل کے ساتھ بیان کیا گیا اور اس واقعے میں حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکو بچپن میں صندوق میں بند کر کے دریا میں ڈالے جانے، حضرت ہارون عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کے ساتھ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کوجابر وسرکش فرعون کے پاس بھیجنے اور اللّٰہ تعالیٰ کی وحدانیت کے بارے میں اس سے بحث کرنے ،جادوگروں کے ساتھ حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکا مقابلہ ہونے، حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کو اللّٰہ تعالیٰ کی تائید اور مدد ملنے، جادو گروں کے ایمان لانے، حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامکا دریا میں راستے بنانے والا معجزہ ظاہر ہونے، بنی اسرائیل کے دریا پار کرنے، فرعون اور ا س کے لشکر کے ہلاک ہونے، بنی اسرائیل کا اللّٰہ تعالیٰ کی کثیر نعمتوں کی ناشکری کرنے، سامری کا سونے سے ایک بچھڑا بنا کر بنی اسرائیل کو گمراہ کرنے اور حضرت موسیٰ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام کا اپنے بھائی حضرت ہارون عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَامپر اظہار ِغضب کرنے وغیرہ کا ذکر ہے ۔
(3) …جو قرآن سے منہ پھیرے ،اس پر ایمان نہ لائے اور اس کی ہدایتوں سے فائدہ نہ اٹھائے ا س کے لئے جہنم کی سزا کا بیان ہے۔
(4)…قیامت کے دن کی ہولناکیاں اور اس دن مجرموں کے احوال بیان کئے گئے ہیں ۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…الروض الانف، ذکر اسلام عمر بن الخطاب رضی اللّٰہ عنہ، ۲/۱۲۲-۱۲۳۔