Brailvi Books

صراط الجنان جلد ششم
144 - 695
ترجمۂکنزالایمان: اور ہم نے ان سے پہلے کتنی سنگتیں کھپا دیں کہ وہ ان سے بھی سامان اور نمود میں بہتر تھے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور ہم نے ان سے پہلے کتنی قومیں ہلاک کردیںجو سازوسامان میں اور دکھائی دینے میں ان سے زیادہ اچھے تھے۔ 
{وَکَمْ اَہۡلَکْنَا قَبْلَہُمۡ مِّنۡ قَرْنٍ:اور ہم نے ان سے پہلے کتنی قومیں ہلاک کردیں۔} اس آیت میں اللّٰہ تعالیٰ نے ان کافروں کا رد کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ دنیوی مال ودولت یاعزت وشہرت ہونا کسی کے حق پر ہونے کی کوئی دلیل نہیں، تم سے پہلے تم سے زیادہ مالد ارلوگ آئے اور انہوں نے تم سے بھی زیادہ خوبصورت اور مضبوط رہائش گاہیں بنائیں جیسے فرعون ہامان، قارون اور ان کے ساتھی وغیرہ ، مگر اللّٰہ تعالیٰ نے ان کے خوبصورت اور مضبوط مکانات تباہ وبرباد کردئیے اور ان کو نشانِ عبرت بنادیا۔ لہٰذا تم بھی غور کرو اور اپنی اصلاح کرلو کیونکہ دنیا کا مال ودولت ہونا کامیابی کے لیے کافی نہیں۔ اسی کی کچھ جھلک ہم اپنے قریب زمانے میں بھی دیکھ سکتے ہیں کہ ایک سلطنت کبھی اتنی بڑی تھی کہ اس کی حکومت میں سورج غروب نہ ہوتا تھا لیکن آج وہ چھوٹے سے رقبے پر رہ گئی ، یونہی ایک ملک آدھی دنیا کا مالک بننے کا دعویٰ کرتا پھر رہا تھا لیکن بالآخر تباہ و برباد ہوا اور کمزور سے ملک سے ذلیل و خوار ہوکر نکالا گیا اور اب دوبارہ وہ اپنی روٹی پانی کی فکر میں پڑا ہوا ہے۔ 
قُلْ مَنۡ کَانَ فِی الضَّلٰلَۃِ فَلْیَمْدُدْ لَہُ الرَّحْمٰنُ مَدًّا ۬ ۚ حَتّٰۤی اِذَا رَاَوْا مَا یُوۡعَدُوۡنَ اِمَّا الْعَذَابَ وَ اِمَّا السَّاعَۃَ ؕ فَسَیَعْلَمُوۡنَ مَنْ ہُوَ شَرٌّ مَّکَانًا وَّ اَضْعَفُ جُنۡدًا ﴿۷۵﴾
ترجمۂکنزالایمان: تم فرماؤ جو گمراہی میں ہو تو اسے رحمن خوب ڈھیل دے یہاں تک کہ جب وہ دیکھیں وہ چیز جس کا انہیں وعدہ دیا جاتا ہے یا تو عذاب یا قیامت تو اب جان لیں گے کہ کس کا برا درجہ ہے اور کس کی فوج کمزور۔