Brailvi Books

صراط الجنان جلد پنجم
324 - 601
ترجمۂکنزُالعِرفان: یا انہیں چلتے پھرتے پکڑ لے تو وہ اللّٰہ کو عاجز نہیں کرسکتے۔ 
{اَوْ یَاۡخُذَہُمْ فِیۡ تَقَلُّبِہِمْ:یا انہیں چلتے پھرتے پکڑ لے۔} اس آیت کی ایک تفسیر یہ ہے کہ کیا وہ اس بات سے ڈرتے نہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ سفر کی حالت میں ان پر عذاب نازل کر دے کیونکہ جس طرح اللّٰہ تعالیٰ انہیں ان کے شہروں میں ہلاک کرنے پر قادر ہے، اسی طرح سفر کے دوران بھی انہیں ہلاک کرنے پر قادر ہے،وہ کسی دور دراز کے علاقے میں جاکر اللّٰہ تعالیٰ کو عاجز نہیں کر سکتے بلکہ وہ جہاں بھی ہوں اللّٰہ تعالیٰ ان پر عذاب نازل کر سکتا ہے ۔ (1)دوسری تفسیر یہ ہے کہ کیا وہ اس بات سے ڈرتے نہیں کہ اللّٰہ تعالیٰ رات اوردن میں بلکہ ہر ایک حال میں ان کی پکڑ کرنے پر قادر ہے اور وہ فرار ہو کر اللّٰہ تعالیٰ کو عاجز نہیں کر سکتے بلکہ اللّٰہ تعالیٰ ان پر ہر طرح سے قادر ہے۔ (2)
اَوْ یَاۡخُذَہُمْ عَلٰی تَخَوُّفٍ ؕ فَاِنَّ رَبَّکُمْ لَرَءُوۡفٌ رَّحِیۡمٌ ﴿۴۷﴾
ترجمۂکنزالایمان: یا انہیں نقصان دیتے دیتے گرفتار کرلے کہ بیشک تمہارا رب نہایت مہربان رحم والا ہے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: یا انہیں آہستہ آہستہ نقصان پہنچاتے ہوئے پکڑلے تو بیشک تمہارا رب نہایت مہربان رحمت والا ہے۔
{اَوْ یَاۡخُذَہُمْ:یا انہیں پکڑلے ۔} اس آیت کا ایک معنی یہ ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ شروع سے ہی انہیں عذاب میں گرفتار نہیں کرے گا بلکہ پہلے انہیں خوف میں مبتلا کرے گا پھر اس کے بعدانہیں عذاب میں گرفتار کر دے گا۔ خوف میں مبتلا کرنے کی صورت یہ ہو گی کہ اللّٰہ تعالیٰ ایک گروہ کو ہلاک کر دے گا تو اس کے قریب والے ا س خوف میں مبتلا ہو جائیں گے کہ کہیں ان پر بھی ویساہی عذاب نازل نہ ہو جائے۔ ایک طویل عرصہ تک وہ اس خوف اور وحشت میں مبتلا رہیں گے ، اس کے بعد ان پر عذاب نازل ہو گا۔دوسرا معنی یہ ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ ان پر فوراًعذاب نازل نہیں کرے گا بلکہ ان کی جانوں اور مالوں کو تھوڑا تھوڑا کم کرتا رہے گا یہاں تک کہ سب ہلاک ہو جائیں گے ۔ (3)
{فَاِنَّ رَبَّکُمْ لَرَءُوۡفٌ رَّحِیۡمٌ:تو بیشک تمہارا رب نہایت مہربان رحمت والا ہے۔} یعنی اللّٰہ تعالیٰ چونکہ بہت مہربان
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…تفسیرکبیر، النحل، تحت الآیۃ: ۴۶، ۷/۲۱۲۔
2…خازن، النحل، تحت الآیۃ: ۴۶، ۳/۱۲۴۔
3…تفسیرکبیر، النحل، تحت الآیۃ: ۴۷،۷/۲۱۲-۲۱۳۔