بیشک اس میں غور وفکر کرنے والوں کیلئے نشانی ہے ۔
{ہُوَالَّذِیۡۤ اَنۡزَلَ مِنَ السَّمَآ ِٔ مَآءً:وہی ہے جس نے آسمان سے پانی اتارا۔} اس سے پہلی آیتوں میں اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے ان احسانات کا ذکر فرمایا جو خاص انسانوں پر فرمائے اورا س آیت میں ان نعمتوں کو بیان فرمایا ہے کہ جو صرف انسانوں کے ساتھ خاص نہیں بلکہ تمام حیوانات کے لئے بھی ہیں وہ یہ کہ اللّٰہ تعالیٰ نے آسمان سے پانی اتارا جو پینے کے لئے استعمال ہوتا ہے اور اس سے نَباتات اگتی ہیں جن سے تمام جانور نفع اٹھاتے ہیں۔ (1)
{یُنۡۢبِتُ لَکُمۡ بِہِ الزَّرْعَ:اس پانی سے وہ تمہارے لیے کھیتی اگاتاہے۔} جس طرح سابقہ آیات میں اللّٰہ تعالیٰ نے حیوانات کا تفصیلی اور اِجمالی طورپر ذکر فرمایا اسی طرح اس آیت میں پھلوں کا تفصیلی اور اجمالی دونوں طرح سے ذکر فرمایا ہے۔ اس آیت میں چار اَجناس کا صراحت کے ساتھ ذکر فرمایا (1) کھیتی ۔ اس سے مراد وہ دانہ ہے جس سے غذا حاصل کی جاتی ہے جیسے گندم ، جَو اور ان جیسی دوسری چیزیں کیونکہ ان سے بدنِ انسانی تقوِیَت پاتا ہے۔ (2) زیتون ۔ یہ سالن اور تیل کے طور پر استعمال ہوتا ہے اور یہ پھل برکت والا بھی ہے۔ (3) کھجور۔ اس پھل میں غذائیت ہے اور یہ میوہ ہے۔ (4) انگور۔ یہ غذائیت اور میوہ ہونے میں کھجور کی طرح ہے۔ اس کے بعد’’وَ مِنۡ کُلِّ الثَّمَرٰتِ‘‘ فرما کر تمام پھلوں کا اجمالی طور پر ذکر کر دیا تاکہ لوگ اللّٰہ تعالیٰ کی عظیم قدرت اور مخلوق پر اس کے انعامات سے آگاہ ہوں۔ (2)
{اِنَّ فِیۡ ذٰلِکَ لَاٰیَۃً لِّقَوْمٍ یَّتَفَکَّرُوۡنَ:بیشک اس میں غور وفکر کرنے والوں کیلئے نشانی ہے ۔} یعنی پانی نازل کرنے اور اس سے طرح طرح کی اجناس پیدا کرنے میں ان لوگوں کے لئے اللّٰہ تعالیٰ کے کمالِ علم،قدرت ،حکمت اور صرف اسی کے معبود ہونے پر دلالت کرنے والی بڑی بڑی نشانیاں ہیں جو اس کی صنعتوں میں غورو فکر کر کے ایمان قبول کر لیتے ہیں۔ (3)
وَسَخَّرَ لَکُمُ الَّیۡلَ وَالْنَّہَارَ ۙ وَالشَّمْسَ وَالْقَمَرَ ؕ وَالنُّجُوۡمُ مُسَخَّرٰتٌۢ بِاَمْرِہٖ ؕ اِنَّ فِیۡ ذٰلِکَ لَاٰیٰتٍ لِّقَوْمٍ یَّعْقِلُوۡنَ ﴿ۙ۱۲﴾
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…صاوی، النحل، تحت الآیۃ: ۱۰، ۳/۱۰۵۸۔
2…خازن، النحل، تحت الآیۃ: ۱۱، ۳/۱۱۵، ملخصاً۔
3…روح البیان، النحل، تحت الآیۃ: ۱۱، ۵/۱۶، جلالین، النحل، تحت الآیۃ: ۱۱، ص۲۱۶، ملتقطاً۔