Brailvi Books

صراط الجنان جلد پنجم
219 - 601
{وَ اِنۡ مِّنۡ شَیۡءٍ اِلَّا عِنۡدَنَا خَزَآئِنُہٗ:اور ہمارے پاس ہر چیز کے خزانے ہیں۔} اس آیت میں شے سے مراد ہر وہ چیز ہے جو ممکن ہو اور خزانے سے مراد قدرت اور اختیار ہے۔ آیت کا خلاصۂ کلام یہ ہے کہ تمام مُمکِنات اللّٰہ تعالیٰ کی قدرت کے تحت داخل اور اس کی مِلک میں ہیں، وہ انہیںجیسے چاہے عدم سے وجود میں لے آئے اور ممکنات میں سے جس چیز کو اللّٰہ تعالیٰ وجود عطا فرماتا ہے اسے اپنی حکمت اور مَشِیّت کے تقاضے کے مطابق مُعَیّن مقدار کے ساتھ وجود عطا فرماتا ہے۔ (1) 
وَ اَرْسَلْنَا الرِّیٰحَ لَوَاقِحَ فَاَنۡزَلْنَا مِنَ السَّمَآءِ مَآءً فَاَسْقَیۡنٰکُمُوۡہُ ۚ وَ مَاۤ اَنۡتُمْ لَہٗ بِخٰزِنِیۡنَ ﴿۲۲﴾ وَ اِنَّا لَنَحْنُ نُحْیٖ وَنُمِیۡتُ وَنَحْنُ الْوٰرِثُوۡنَ ﴿۲۳﴾
ترجمۂکنزالایمان: اور ہم نے ہوائیں بھیجیں بادلوں کو با رور کرنے والیاں تو ہم نے آسمان سے پانی اتارا پھر وہ تمہیں پینے کو دیا اور تم کچھ اس کے خزانچی نہیں۔  اور بیشک ہم ہی جِلائیں اور ہم ہی ماریں اور ہم ہی وارث ہیں۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اور ہم نے ہوائیں بھیجیں جو بادلوں کوپانی سے بھر دیتی ہیں تو ہم نے آسمان سے پانی اتارا پھر ہم نے وہ تمہیں پینے کو دیا اور تم اس کے خزانچی نہیں ہو۔ اور بیشک ہم ہی زندہ کرتے ہیں اور ہم ہی مارتے ہیں اور ہم ہی وارث ہیں۔
{وَ اَرْسَلْنَا الرِّیٰحَ:اور ہم نے ہوائیں بھیجیں ۔}  آیت کا خلاصۂ کلام یہ ہے کہ بادلوں میں پانی پیدا کرنے اور ان سے بارش نازل کر کے تمہیں سیراب کرنے پر صرف اللّٰہ تعالیٰ قادر ہے ،اس کے سوا اور کسی کو یہ قدرت حاصل نہیں ۔ اس میں اللّٰہ تعالیٰ کی قدرت اور بندوں کے عاجز ہونے پر عظیم دلیل ہے۔ (2)
{وَ اِنَّا لَنَحْنُ نُحْیٖ:اور بیشک ہم ہی زندہ کرتے ہیں۔} یعنی مخلوق کو زندگی اور موت عطا کرنا صرف ہمارے ہی دستِ قدرت میں ہیں اورتمام مخلوق فنا ہونے والی ہے اور ہم ہی باقی رہنے والے ہیں اور مُلک کی ملکیت کا دعویٰ کرنے والوں کی ملکیت ضائع ہوجائے گی اور سب مالکوں کا مالک یعنی اللّٰہ عَزَّوَجَلَّباقی رہے گا۔ (3)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
1…ابو سعود، الحجر، تحت الآیۃ: ۲۱، ۳/۲۲۰، تفسیرکبیر، الحجر، تحت الآیۃ: ۲۱، ۷/۱۳۴، ملتقطاً۔
2…مدارک، الحجر، تحت الآیۃ: ۲۲، ص۵۸۰، ملخصاً۔
3…خازن، الحجر، تحت الآیۃ: ۲۳، ۳/۱۰۰۔