Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
815 - 881
	اور حضرت ابوہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں ، جب یہ آیت ’’ثُمَّ لَتُسْــٴَـلُنَّ یَوْمَىٕذٍ عَنِ النَّعِیْمِ‘‘ نازل ہوئی توصحابہ ٔکرام رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ نے عرض کی: یا رسولَ اللّٰہ! صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ، ہم سے کس نعمت کے بارے میں  پوچھا جائے گا(حالانکہ) ہمارے پاس تو صرف یہی دو سیاہ چیزیں (یعنی کھجور اور پانی) ہیں ،دشمن حاضر ہے اور تلواریں  ہمارے کندھوں  پر ہیں ؟ارشاد فرمایا’’عنقریب ایساہی ہو گا۔( ترمذی، کتاب التفسیر، باب و من سورۃ الہاکم التّکاثر، ۵/۲۳۵، الحدیث: ۳۳۶۸)
	حضرت ابو ہریرہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ سے روایت ہے، رسول اللّٰہ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا ’’قیامت کے دن بندے سے سب سے پہلے نعمت کے بارے میں  سوال ہو گا،اس سے پوچھا جائے گا؛کیا ہم نے تمہیں  جسمانی صحت نہ دی اور ٹھنڈے پانی سے سیراب نہ کیا؟( ترمذی، کتاب التفسیر، باب و من سورۃ الہاکم التّکاثر، ۵/۲۳۶، الحدیث: ۳۳۶۹)
	حضرت عبد اللّٰہ بن مسعود رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ  سے روایت ہے، نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے ارشاد فرمایا: قیامت کے دن انسان کے قدم نہ ہٹیں  گے حتّٰی کہ اس سے پانچ چیزوں  کے بارے میں  سوال کیا جائے گا۔ (1) اس کی عمر کے بارے میں  کہ کس چیز میں  خرچ کی۔ (2) اس کی جوانی کے بارے میں  کہ کس کام میں  گزری ۔ (3،4) اس کے مال کے بارے میں کہ کہاں  سے کمایا اور کہاں  خرچ کیا۔ (5) اس کے علم کے بارے میں  کہ ا س پر کتنا عمل کیا۔( ترمذی، کتاب صفۃ القیامۃ و الرقائق و الورع، باب فی القیامۃ، ۴/۱۸۸، الحدیث: ۲۴۲۴) 
	اللّٰہ تعالیٰ ہر مسلمان کو اپنی نعمتوں  کا شکر ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اورہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ یہ دعا مانگا کرے: ’’رَبِّ اَوْزِعْنِیْۤ اَنْ اَشْكُرَ نِعْمَتَكَ الَّتِیْۤ اَنْعَمْتَ عَلَیَّ وَ عَلٰى وَالِدَیَّ وَ اَنْ اَعْمَلَ صَالِحًا تَرْضٰىهُ وَ اَصْلِحْ لِیْ فِیْ ذُرِّیَّتِیْ ﱂاِنِّیْ تُبْتُ اِلَیْكَ وَ اِنِّیْ مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ‘‘(احقاف:۱۵)
ترجمۂکنزُالعِرفان: اے میرے رب!مجھے توفیق دے کہ میں  تیری نعمت کا شکر ادا کروں  جو تو نے مجھ پراور میرے ماں باپ پر فرمائی ہے اور میں  وہ کام کروں  جس سے تو راضی ہوجائے اور میرے لیے میری اولاد میں  نیکی رکھ،میں  نے تیریطرف رجوع کیااور میں  مسلمانوں  میں  سے ہوں ۔