Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
800 - 881
عبادت کرنے اور اس کی نعمتوں  کا شکر ادا کرنے کیلئے کمزور ہے تو کیا مال کی محبت میں  مبتلا وہ انسان نہیں  جانتا کہ جب وہ مردے اٹھائے جائیں  گے جو قبروں  میں  ہیں  اور انہیں  اللّٰہ تعالیٰ کی بارگاہ میں  پیش کیا جائے گا اور جو حقیقت سینوں  میں  ہے وہ کھول دی جائے گی تو اس وقت اللّٰہ تعالیٰ انہیں  ان کے نیک اور برے اعمال کا بدلہ دے گا ، بے شک ان کا رب  عَزَّوَجَلَّ قیامت کے دن جو کہ فیصلے کا دن ہے ان کے اعمال،ان کی نیتوں  اوران کی اطاعت ونافرمانی کی خوب خبر رکھنے والا ہے جیسا کہ ہمیشہ سے ہے ۔( تفسیر کبیر، العادیات، تحت الآیۃ: ۸، ۱۱/۲۶۲، سمرقندی، العادیات، تحت الآیۃ: ۸-۱۱، ۳/۵۰۳-۵۰۴، مدارک، العادیات، تحت الآیۃ: ۸-۱۱، ص۱۳۶۹، ملتقطاً)
	نور العرفان میں  ہے:غافل انسان مال کی محبت کی وجہ سے سخت دل ہے کیونکہ مال کی محبت سختیِ دل کا باعث ہے، جیسے حضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ  کی محبت نرمیِ دل کا سبب ہے دیکھو یزید، فرعون، شداد، جانوروں  سے زیادہ سخت دل تھے، محض محبت مال سے یا غافل انسان مال کی محبت میں  سخت دل ہے، دین میں  نرم(یعنی دین میں  سختی برداشت نہیں  کرتے) ،اسی لئے عام طور پر لوگ دنیا کے لئے وہ مشقتیں  جھیل لیتے ہیں  جو دین کے لئے نہیں  جھیلتے،
مال سے محبت کی چار صورتیں :
	خیال رہے کہ محبت ِمال چار طرح کی ہے:(1)حُبِّ ایمانی جیسے حج وغیر ہ کے لئے مال کی چاہت ،(2) حُبِّ نفسانی جیسے اپنے آرام و راحت کے لئے مال سے رغبت،(3) حُبِّ طُغیانی جیسے محض جمع کرنے اور چھوڑ جانے کے لئے مال سے محبت،(4)حُبِّ شیطانی یعنی گناہ وسرکشی کے لئے مال کی محبت۔ یہاں  آخری دو محبتیں  مراد ہیں ، پہلی قسم کی محبت عبادت ہے، حضرت سلیمان عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام  نے فرمایا تھا۔’’اِنِّیْ ٓاَحْبَبْتُ حُبَّ الْخَیْرِ ‘‘ حضور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی  عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کو جہاد کے گھوڑوں  سے بڑی محبت تھی، چونکہ مال بہت خیر کا ذریعہ ہے، اسی لئے اسے خیر فرمایا گیا۔ صوفیاء کے نزدیک نعمت سے ایسی محبت بری ہے جو دل کو بھر دے کہ مُنعِم کی محبت کی جگہ نہ رہے، وہی یہاں  مراد ہے، اندرونِ دل صرف یار کی محبت ہو، وہاں  اَغیار نہ ہوں ، باقی محبتیں  دل کے باہر رہیں ، کشتی پانی میں  رہے سلامت ہے، اگر پانی کشتی میں  آجائے تو ڈوب جائے گی۔