Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
782 - 881
ترجمۂکنزالایمان: وہ کون وہ اللّٰہ کا رسول کہ پاک صحیفے پڑھتا ہے۔ان میں  سیدھی باتیں  لکھی ہیں  ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: (یعنی) اللّٰہ کا رسول جو پاک صحیفوں  کی تلاوت فرماتا ہے ۔ان صحیفوں  میں  سیدھی باتیں  لکھی ہوئی ہیں ۔
{رَسُوْلٌ مِّنَ اللّٰهِ: (یعنی) اللّٰہ کا رسول۔} یعنی وہ روشن دلیل اللّٰہ تعالیٰ کے انتہائی شاندار رسول ہیں  جو کہ سب صحیفوں  کے مضامین کی جامع پاک کتاب قرآنِ پاک کی تلاوت کرتے ہیں ۔( خازن، البیّنۃ، تحت الآیۃ: ۲، ۴/۳۹۹) 
 	 قرآنِ مجید ہر طرح سے پاک ہے کہ پاک جگہ سے پاک فرشتوں  کے ذریعے پاک نبی پر آیا، پھر ہمیشہ پاک زبانوں  ، پاک سینوں  ، پاک ہاتھوں  میں  رہے گا، نیز ملاوٹ اورردوبدل سے محفوظ ہے ۔نیز یہ بھی یادرہے کہ حضور پُر نور صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ کی تلاوت معجزہ ہے کیونکہ آپ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ نے مخلوق میں  سے کسی سے سیکھے بغیر قرآن پڑھا اورپڑھا یا، سمجھا اور سمجھایا جبکہ ہماری تلاوت معجزہ نہیں  کیونکہ ہم حافظ ،قاری اورعالم وغیرہ سے قرآنِ پاک کی تلاوت، قرآت،اس کے اَحکام اور اَسرار سیکھتے ہیں ۔
{فِیْهَا كُتُبٌ قَیِّمَةٌ: ان صحیفوں  میں  سیدھی باتیں  لکھی ہوئی ہیں ۔} یعنی ان صحیفوں  میں  حق اور عدل کی سیدھی باتیں  لکھی ہوئی ہیں  جو درستی اور اصلاح پر دلالت کرتی ہیں ۔( مدارک، البیّنۃ، تحت الآیۃ: ۳، ص۱۳۶۶، سمرقندی، البیّنۃ، تحت الآیۃ: ۳، ۳/۴۹۹، ملتقطاً)
وَ مَا تَفَرَّقَ الَّذِیْنَ اُوْتُوا الْكِتٰبَ اِلَّا مِنْۢ بَعْدِ مَا جَآءَتْهُمُ الْبَیِّنَةُؕ(۴)
ترجمۂکنزالایمان: اور پھوٹ نہ پڑی کتاب والوں  میں  مگر بعد اس کے کہ وہ روشن دلیل ان کے پاس تشریف لائے۔
ترجمۂکنزُالعِرفان: اورجن لوگوں  کو کتاب دی گئی انہوں  نے (آپس میں ) تفرقہ نہ ڈالا مگر اس کے بعدکہ وہ روشن دلیل ان کے پاس آچکی تھی۔