Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
71 - 881
لِلْفُقَرَآءِ الْمُهٰجِرِیْنَ الَّذِیْنَ اُخْرِجُوْا مِنْ دِیَارِهِمْ وَ اَمْوَالِهِمْ یَبْتَغُوْنَ فَضْلًا مِّنَ اللّٰهِ وَ رِضْوَانًا وَّ یَنْصُرُوْنَ اللّٰهَ وَ رَسُوْلَهٗؕ-اُولٰٓىٕكَ هُمُ الصّٰدِقُوْنَۚ(۸)
ترجمۂکنزالایمان: ان فقیر ہجرت کرنے والوں  کے لیے جو اپنے گھروں  اور مالوں  سے نکالے گئے اللّٰہ کا فضل اور اس کی رضا چاہتے اور اللّٰہ و رسول کی مدد کرتے وہی سچّے ہیں ۔
ترجمۂکنزُالعِرفان:  ان فقیر مہاجروں  کے لیے جو اپنے گھروں  اور اپنے مالوں  سے نکالے گئے اس حال میں  کہ اللّٰہ کی طرف سے فضل اور رضا چاہتے ہیں اور وہ اللّٰہ اور اس کے رسول کی مدد کرتے ہیں  ،وہی لوگ سچے ہیں ۔
{لِلْفُقَرَآءِ الْمُهٰجِرِیْنَ الَّذِیْنَ اُخْرِجُوْا مِنْ دِیَارِهِمْ وَ اَمْوَالِهِمْ: ان فقیر مہاجروں  کے لیے ہے جو اپنے گھروں  اور اپنے مالوں  سے نکالے گئے ۔} یعنی مالِ غنیمت میں  جیسا کہ اُوپر ذکر کئے ہوئے لوگوں  کا حق ہے ایسا ہی یہ مال ان فقیر مہاجروں  کے لیے بھی ہے جو اپنے گھروں  اور مالوں  سے نکالے گئے اور ان کے گھروں  اور مالوں  پر کفارِ مکہ نے قبضہ کر لیا اور اُن کا حال یہ ہے کہ وہ اللّٰہ تعالیٰ کا فضل یعنی آخرت کا ثواب اور اس کی رضا چاہتے ہیں اور اپنے جان و مال سے دین کی حمایت میں  اللّٰہ تعالیٰ اور اس کے رسول کی مدد کرتے ہیں  ،وہی ایمان اوراخلاص میں سچے ہیں ۔( خازن، الحشر، تحت الآیۃ: ۸، ۴/۲۴۸، مدارک، الحشر، تحت الآیۃ: ۸، ص۱۲۲۵، ملتقطاً)
فقیر مہاجر صحابہ ٔکرام رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ کا حال اور ان کی فضیلت:
 	حضرت قتادہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُ فرماتے ہیں  کہ ان مہاجرین نے گھر ، مال اور کنبے اللّٰہ تعالیٰ اور رسولِ کریم  صَلَّی  اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ کی محبت میں  چھوڑے اور اسلام کو قبول کیا اور ان تمام شدتوں  اور سختیوں  کو گوارا کیا جو اسلام قبول کرنے کی وجہ سے انہیں  پیش آئیں ، ان کی حالتیں  یہاں  تک پہنچیں  کہ بھوک کی شدت سے پیٹ پر پتھر باندھتے تھے