سورت ختم فرما لی۔میں نے اس سورت کو دورِ جاہلیَّت میں یاد رکھا پھر اسلام قبول کرنے کے بعد اسے پڑھا۔( مسند امام احمد، مسند الکوفیین، حدیث خالد العدوانی رضی اللّٰہ عنہ، ۷/۸، الحدیث: ۱۸۹۸۰)
سورۂ طارق کے مضامین:
اس سورت کا مرکزی مضمون یہ ہے کہ اس میں مرنے کے بعد دوبارہ زندہ کئے جانے،حشر و نشر اور حساب و جزا پر ایمان لانے کے بارے میں کلام کیاگیا ہے اورا س سورت میں یہ مضامین بیان کئے گئے ہیں :
(1)…اس سورت کی ابتداء میں آسمان اور رات کے وقت خوب چمکنے والے ستار ے کی قسم کھا کر یہ فرمایا گیا ہے کہ ہر انسان پر حفاظت کرنے والا ایک فرشتہ مقررہے۔
(2)…انسان کو اپنی تخلیق کی ابتداء میں غور کرنے کا حکم دیا گیا تاکہ اسے معلوم ہو جائے کہ پہلی بار پیدا کرنے والا رب تعالیٰ دوبارہ زندہ کرنے پر بھی قدرت رکھتا ہے۔
(3)…یہ بتایاگیا کہ جب قیامت کے دن عقائد ،اعمال اور نیتیں ظاہر کر دی جائیں گی تو اس وقت مرنے کے بعد زندہ کئے جانے کا انکار کرنے والے کے پاس کوئی طاقت اور کوئی مددگار نہ ہوگا جو اسے اللّٰہ تعالیٰ کے عذاب سے بچا سکے۔
(4)…آسمان اور زمین کی قسم کھا کر ارشاد فرمایا گیا کہ قرآنِ مجید کوئی ہنسی مذاق کی بات نہیں بلکہ یہ حق اور باطل میں فیصلہ کر دینے والا کلام ہے۔
(5)…اس سورت کے آخر میں بتایا گیا کہ کفار اللّٰہ تعالیٰ کے دین کو مٹانے کے لئے طرح طرح کی چالیں چلتے ہیں اور اللّٰہ تعالیٰ ان کے بارے میں اپنی خفیہ تدبیر فرماتا ہے جس کی انہیں خبر نہیں ۔
سورۂ بُروج کے ساتھ مناسبت:
سورۂ طارق کی اپنے سے ما قبل سورت ’’بروج‘‘ کے ساتھ ایک مناسبت یہ ہے کہ دونوں سورتوں کی ابتداء میں آسمان کی قسم ارشاد فرمائی گئی ۔ دوسری مناسبت یہ ہے کہ دونوں سورتوں میں مُردوں کو دوبارہ زندہ کئے جانے پر کلام کیا گیا ہے۔تیسری مناسبت یہ ہے کہ دونوں سورتوں میں قرآنِ مجید کو جھٹلانے والوں کا رد کرنے کے لئے قرآنِ مجید کے اوصاف بیان کئے گئے ہیں ۔