Brailvi Books

صراط الجنان جلددہم
598 - 881
عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ اور ان کے صحابہ رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ  کو کفار کی طرف سے پہنچنے والی اَذِیَّتوں  پر تسلی دی گئی ہے اور اس سورت میں  یہ مضامین بیان کئے گئے ہیں ۔
(1)…اس سورت کی ابتدائی آیات میں  آسمان،قیامت کے دن،جمعہ اور عرفہ کے دن کی قسمیں  ذکر کر کے فرمایا گیا کہ کفارِ قریش بھی اسی طرح ملعون ہیں  جس طرح بھڑکتی آ گ والی کھائی والوں  پر لعنت کی گئی تھی۔
(2)…سابقہ امتوں  جیسے اصحابُ الاُخْدود،فرعون اورثمود کے واقعات بیان کئے گئے اور انہی واقعات کے ضمن میں  بتایا گیا کہ جنہوں  نے مسلمان مَردوں  اور عورتوں  کوآزمائش میں  مبتلا کیا اور وہ حالت ِکفر میں  مر گئے تو ان کے لئے جہنم کا عذاب ہے۔
(3)…یہ بتایاگیا کہ اللّٰہ تعالیٰ جب کسی ظالم کی پکڑ فرماتا ہے تو اس کی پکڑ بہت شدید ہوتی ہے اوروہ مُردوں  کو دوبارہ زندہ کرنے پر قدرت رکھتا ہے،توبہ کرنے والوں  کو بخشنے والا اور نیک بندوں  سے محبت فرمانے والا ہے،عزت والے عرش کا مالک اورہمیشہ جو چاہے کرنے والا ہے۔
(4)…اس سورت کے آخر میں  بتایا گیا کہ کفارِ مکہ سابقہ امتوں  کے انجام سے نصیحت حاصل کرنے کی بجائے نبی کریم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ اور قرآنِ مجید کو جھٹلانے میں لگے ہوئے ہیں  ،قرآن کو شاعری اور کہانَت کی کتاب کہتے ہیں  حالانکہ وہ تو بہت بزرگی والا قرآن ہے اور لوحِ محفوظ میں  لکھا ہوا ہے۔
سورۂ اِنشقاق کے ساتھ مناسبت:
	سورۂ بُروج کی اپنے سے ماقبل سورت ’’اِنشقاق‘‘ کے ساتھ ایک مناسبت یہ ہے کہ دونوں  سورتوں  کی پہلی آیت میں  آسمان کا ذکر ہے۔ دوسری مناسبت یہ ہے کہ دونوں  سورتوں  میں  نیک اعمال کرنے والے مسلمانوں  کے لئے جنت کی بشارت،کافروں  کے لئے جہنم کی وعید اور قرآن مجید کی عظمت بیان کی گئی ہے۔ تیسری مناسبت یہ ہے کہ سورۂ اِنشقاق میں  بیان کیا گیا کہ نبی اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہ وَ سَلَّمَ اور ان کے صحابہ ٔکرام رَضِیَ اللّٰہُ تَعَالٰی عَنْہُمْ کے بارے میں  کافروں  کے دلوں  میں  جو بغض و عناد ہے وہ سب اللّٰہ تعالیٰ کو معلوم ہے اور اس سورت میں  بتایاگیا کہ سابقہ امتوں  کے کفار کا بھی یہی طرزِ عمل تھا۔